ہمارے قافلے رواں دواں ہیں،28مارچ کو تاریخ کا سب سے بڑا اجتماع ہوگا، عبدالغفور حیدری

اسلام آباد (سی این پی) جے یو آئی کے سیکرٹری جنرل عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ 28 مارچ کو اسلام آباد میں تاریخ کا سب سے بڑا اجتماع ہوگا۔ قافلے آج مغرب اور عشاء کے درمیان پنڈال پہنچنا شروع ہو جائیں گے۔ لاہور سے ن لیگ کا قافلہ مریم نواز اور حمزہ شہباز کی قیادت میں اسلام آباد کے لیے رواں دواں ہےجو کل اسلام آباد پہنچ جائے گا۔ گزشتہ روز اسلام آباد کے سیکٹر ایچ 9 میں جلسہ گاہ کے انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جے یو آئی کے مرکزی رہنما سینیٹر عبدالغفور حیدری کا کہنا تھا کہ جلسے کے انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔

ہمارے قافلے ملک کے مختلف اضلاع سے رواں دواں ہیں۔ مولانافضل الرحمن ڈی آئی خان سے قافلے کے ساتھ آ رہے ہیں۔ تمام قافلے ہکلہ انٹر چینج پر اکھٹے ہوں گے اور پھر مولانا فضل الرحمن کی قیادت میں اسلام آباد پہنچیں گے۔ پی ڈی ایم کی دیگر جماعتوں کے کارکنان بھی رواں دواں ہیں زمسلم لیگ ن کا قافلہ حمزہ شہباز شریف اور مریم نواز کی قیادت میں اسلام آباد کی طرف رواں دواں ہے۔ہم تصادم نہیں چاہتے لیکن اگر شیخ رشید یا کسی اور نے مداخلت کی تو ہمارے لوگ بھی تیار ہیں۔ اگر کسی نے کچھ کرنے کی کوشش کی تو چھٹی کا دودھ یاد کرادیں گے۔ چار سال میں ایک نوجوان کو بھی نوکری نہیں ملی نہ ہی کسی کو گھر ملا۔ لاہور سے شیر کی دھاڑیں بنی گالہ تک پہنچ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا ہمارا جلسہ پر امن ہو گا۔ ہم ملک میں جمہوریت چاہتے ہیں، صاف شفاف انتخابات چاہتے ہیں۔ ایک سوال ہر انہوں نے کہا کہ انتظامیہ نے ابھی تک مداخلت نہیں کی جو ان کے لیے فائدہ مند ہے۔ یہ جلسہ دنیا کی تاریخ کا بڑا جلسہ ہو گا، ایک طرف شیر لاہور سے چل پڑا ہے، اس کی دھاڑیں بنی گالہ تک پہنچ رہی ہیں، اسی لیے بنی گالہ والے گھبرائے ہوئے ہیں، شیخ رشید پاگل ہو چکا ہے، ذہنی توازن کھو چکا ہے، شیخ رشید اپنے لیڈر عمران خان کی طرح ہو گیا ہے، عمران اور شیخ رشید نے کنٹینر پر کھڑے ہو کر سول نافرمانی کا اعلان کیا، بجلی کے بل جلائے اور لوگوں کو بھی بل جلانے کے لیے اکسایا، ریاست کی رٹ کو چیلنج کیا۔