وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک کا اوگرا ہیڈ آفس کا دورہ

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )وفاقی وزیر برائے پٹرولیم علی پرویز ملک نے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کے ہیڈ آفس کا دورہ کیا جہاں انہیں اوگرا کے مینڈیٹ، ریگولیٹری کردار اور حالیہ اقدامات کے سلسلے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی،وزیر پٹرولیم نے ڈیجیٹائزیشن کی خامیوں کو دور کرنے، شفافیت یقینی بنانے اور مؤثر نگرانی کی ضرورت پر زور دیا وزارت پٹرولیم ڈویژن سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین اوگرا مسرور خان نے سینئر حکام کے ہمراہ وفاقی وزیر کا استقبال کیا۔ دورے کے دوران وفاقی وزیر کو اوگرا کے مینڈیٹ، ریگولیٹری کردار اور حالیہ اقدامات کے سلسلے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی جس میں اہم معاملات بشمول عوامی حفاظت کے لیے چلائی جانے والی حفاظتی آگاہی مہمات، ریفائنریز کو یورو-V پر لانے کے لیے براؤن فیلڈ اپ گریڈیشن منصوبے .

آئی ایف ای ایم آڈٹ، یو ایف جی مینجمنٹ، ایل این جی ورچوئل پائپ لائن جیسے منصوبوں پر پیشرفت، صارفین کی شکایات کے بروقت حل اور عوام کے لیے رعایتی اقدامات، اوگرا ہیڈ کوارٹر میں ‘ون ونڈو فیسلی ٹیشن سینٹر کا قیام، ای-لائسنسنگ اور ڈیجیٹلائزیشن کے ذریعے کارکردگی کو بہتر بنانا، سٹریٹجک ایندھن کے ذخائر کا قیام ، شعبہ جاتی اصلاحات اور علاقائی دفاتر کا قیام بارے پیشرفت سے آگاہ کیا گیا۔علی پرویز ملک کو تیل کی سپلائی چین کی ڈیجیٹلائزیشن کے حوالے سے پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا انہوں نے اس اقدام کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے ڈیجیٹائزیشن کی خامیوں کو دور کرنے، شفافیت کو یقینی بنانے اور مؤثر نگرانی کی ضرورت پر زور دیا۔ علی پرویز ملک نے اوگرا پر زور دیا کہ وہ انفورسمنٹ میکانزم کو مضبوط کرے تاکہ تمام سٹیک ہولڈرز کے لیے یکساں مواقع میسر ہو سکیں۔ انہوں نے سٹیک ہولڈرز اور عوام دونوں کو پٹرولیم سیکٹر میں ہونے والی حقیقتوں اور پیشرفت سے آگاہ رکھنے کے لیے ایک مضبوط سٹریٹجک کمیونیکیشن فریم ورک تیار کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

چیئرمین اوگرا مسرور خان نے وفاقی وزیر کو یقین دلایا کہ اتھارٹی اوگرا آرڈیننس کے مطابق اپنے فرائض کا احسن طریقے سے نفاذ اور پٹرولیم شعبے میں استحکام اور لچک کو یقینی بنانے کے لیے وفاقی حکومت کی پالیسی سازی میں ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی .