فاشسٹ اور نااہل سیلیکٹڈ حکومت کو گھر بھیجا،وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان کا فیصل آباد میں استقبالیہ تقریب سے خطاب

 وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ خان کے اعزاز میں فیصل آباد میں استقبالیہ تقریب تقریب کے شرکاء کا رانا ثناءاللہ کو وزیر داخلہ تعینات ہونے پروالہانہ استقبال کیا گیا، اس موقع پر وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ خان کا استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حلقے کے عوام کا شکریہ ادا کیا، اپنے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ اتحاد یوں سے ملکر آئینی طریقے سے ایک فاشسٹ اور نااہل سیلیکٹڈ حکومت کو گھر بھیجا۔ عمران نیازی کا چار سالہ دور حکومت جھوٹ ، جھوٹ اور صرف جھوٹ پر محیط تھا۔ معیشت، خارجہ تعلقات، سماجی ترقی، غریب عوام کی فلاح پر جھوٹ بولے گئے-

وزیر داخل کا کہنا تھا کہ کرپشن، نااہلی، لاقانونیت اوراقرباپروری کا ایک سیاہ دور جو بلآخراختتام پذیر ہوا۔ سفارتی مراسلے جیسے حساس معاملے کو جلسے جلوسوں میں تماشہ بنا کر ملکی مفاد کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایاجارہا ہے۔ عمران نیازی جھوٹے پروپیگنڈے سے پاکستانی عوام کو گمراہ کرکےاداروں کے خلاف اکسارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہوسِ اقتدار اورخوفِ احتساب سے ملکی اداروں کی ساکھ پر حملے کررہا ہے۔عمران نیازی کی ہرزہ سرائی سے پاکستان کے دشمن فائدہ اٹھا رہے ہیں۔بنی گالہ میں بیٹھا ایک شخص “میں ناں مانوں” کی گردان مسلسل الاپ رہا ہے۔ انتخابات میں پتہ چلے گا عوام کس کے ساتھ ہیں۔۔

ہم عمران نیازی کی طرح سیلیکٹڈ نہیں، انتخابات کے ذریعے اقتدار میں آنے والی جماعت ہیں۔ ہم سیاسی انتقام نہیں لیں گے لیکن عوامی وسائل پر ڈاکے کا حساب ضرور لیں گے۔ ہماری حکومت عوام کو اندھیروں سے نکالے گی۔روشنیاں اور امیدیں واپس لائے گی۔ فیصل آباد کے عوام نواز شریف سے پیار کرنے والے لوگ ہیں۔ فیصل آباد کی صنعتیں بحال کرینگے۔ روزگار کے مواقع پیدا کرینگے۔