پشاور روڈ پر ٹریفک آگاہی کیمپ، سی ٹی او راولپنڈی نے موٹر سائیکل سواروں میں ہیلمٹ تقسیم کیے

راولپنڈی (کرائم رپورٹر )ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب کے احکامات اور سی ٹی او راولپنڈی کی ہدایات پر روڈیوزرز کو ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی فراہم کرنے کیلئے پشاور روڈ پر ٹریفک آگاہی کیمپ لگایا گیا۔سی ٹی او راولپنڈی نے موٹر سائیکلسٹ کو ہیلمٹ بھی تقسیم کیے،تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب وقاص نذیر کے احکامات اور چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی فرحان اسلم کی ہدایات پر پشاور روڈ پر روڈ سیفٹی و ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی کیمپ لگایا گیا .

جس میں سی ٹی او راولپنڈی سمیت سرکل انچارجز نے بھی شرکت کی۔آگاہی کیمپ میں روڈ یوزرز میں ٹریفک قوانین اور روڈ سیفٹی کے حوالے سے پمفلٹ بھی تقسیم کیے گئے، چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی فرحان اسلم نے موٹر سائیکلسٹ میں ہیلمٹ بھی تقسیم کیے، سرکل انچارجز کیجانب سے بھی موٹرسائیکل سواروں کو ہیلمٹ پہنائے گئے،اس موقع پر چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی فرحان اسلم کا کہنا تھا کہ ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب وقاص نذیر کے ویژن پر عمل کرتے ہوئے روڈ یوزرز اور خصوصاً موٹر سائیکلسٹ کے تحفظ کیلئے حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے، اس حوالے سے ہیلمٹ اور ون وے مہم پر زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی جا رہی ہے۔ انکا مزید کہنا تھا کہ ٹریفک پولیس کا مقصد چالان کرنا نہیں ہے بلکہ روڈ یوزرز کی زندگیوں کو محفوظ بنانا ہے لہذا شہریوں کو بھی چاہیے کہ دوران ڈرائیونگ ٹریفک قوانین پر عمل کرتے ہوئے اچھے شہری ہونے کا ثبوت دیں .