اقراءیونیورسٹی کے طلبہ وفد کا سیف سٹی اسلام آباد اور آپریشنز ڈویژن کا دورہ

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)فرینڈز آف پولیس پروگرام کے تحت اقراءیونیورسٹی کے طلباءو طالبات کے وفد کا سیف سٹی اسلام آباد اور آپریشنز ڈویژن کا دورہ،وفد کو سیف سٹی اسلام آباد اور آپریشنز ڈویژن کے مرکزی نظام اور ان کے طریقہ کار اور افادیت کے بارے میں بھی مکمل آگاہ کیا گیا۔

انسپکٹر جنرل آ ف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کے خصوصی احکامات پر فرینڈز آف پولیس پروگرام کے تحت اقراءیونیورسٹی کے طلباءو طالبات کے وفد کو سیف سٹی اسلام آباد اور آپریشنز ڈویژن کا دورہ کروایا گیا،وفد کو سیف سٹی اسلام آباد اور آپریشنز ڈویژن کے مرکزی نظام اور ان کے طریقہ کار اور افادیت کے بارے میں بھی مکمل آگاہ کیا گیا۔

ایس ایس پی سیف سٹی نے وفد کو سیف سٹی اسلام آباد کے مرکزی نظام، کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر، ڈیٹا ہب یونٹ، جدید تکنیک کے حامل کیمروں اور پولیس آپریشنز سنٹر ہال کا دورہ کروایا ،انہوں نے وفد کو بتایا کہ سیف سٹی اسلام آباد جدید تکنیکی منصوبے کے ذریعے مختلف شعبہ جات میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، جس میں پولیس آپریشنز سنٹر، ایمرجنسی کنٹرول سنٹر، ڈیٹا ہب یونٹ، ڈسپیچ کنٹرول سنٹر، ای چالان سسٹم اور “پکار “15- ہیلپ لائن جیسے اقدام شامل ہیں۔

وفد کو شہر میں سیف سٹی کیمروں کی کارکردگی اور افادیت کے بارے میں بتایا گیا کہ سیف سٹی کے جدید تکنیک کے حامل کیمرے شہر کی سلامتی، جرائم کے سدِباب اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، جرائم کا 42 فیصد سیف سٹی کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر سے حل کیا جاتا ہے، شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر چہروں کی شناخت کرنے والے کیمرے لگائے گئے ہیں جو مشکوک عناصر کی نشاندہی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، اسی طرح وفد کو آپریشنز ڈویژن کا دورہ کرواتے ہوئے پولیس کے مرکزی نظام، تھانہ جات، دفاتر کی ورکنگ، تفتیش، کیمو نٹی پولیسنگ، پٹرولنگ اورنا کہ جا ت کے حو الے سے آ گا ہ کیا گیااور رمنا پولیس اسٹیشن کا بھی دورہ بھی کروایا گیا۔

وفد کو شہر میں پٹرولنگ اور پولیس کی موثر کاررکردگی اور افادیت کے بارے میں بتایا گیا کہ شہر کی سلامتی، جرائم کے سدِباب اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ میں اسلام آباد پولیس آپریشن ڈویژن اہم کردار ادا کر رہا ہے، وفد کو مزید بتایا گیا کہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر موجود ناکہ جات تلاشی اور کوائف کے اندارج کے دوران جرائم کے انسداد اور مشکوک عناصر کی نشاندہی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، وفد نے ایس ایس پی آپریشنز ملک جمیل ظفر سے ملاقات کی اور اسلام آباد پولیس کے جدید تکنیکی نظام اور اس کی افادیت کو سراہااور اس کامیاب دورے پر آئی جی اسلام آباد اور ان کی ٹیم کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔