رومینہ خورشید عالم سےکیمبرج انٹرنیشنل کی کنٹری ڈائریکٹر برائے پاکستان عظمیٰ یوسف کی ملاقات

اسلام آباد(نیوز رپورٹر)وزیر اعظم کی کوآرڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ رومینہ خورشید عالم نے آج کیمبرج انٹرنیشنل کی کنٹری ڈائریکٹر برائے پاکستان عظمیٰ یوسف سے اپنے دفتر میں ملاقات کی جس میں موسمیاتی اقدامات کے تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔ اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ کیمبرج یونیورسٹی پریس اینڈ اسسمنٹ موسمیاتی نصاب تیار کرنے میں تعاون کرے گی اور وزارت کو موسمیاتی فنڈز اور وسائل کے بارے میں اپنی تجاویز دے گی۔ وزیر اعظم کی کوآرڈینیٹر نے اس بات پر زور دیا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کی تعلیم لوگوں کو موسمیاتی بحران کے اثرات کو سمجھنے اور ان سے نمٹنے میں مدد دیتی ہے۔ وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر نے مزید کہا کہ آب و ہوا سے متعلق مسائل سے نمٹنے کے لیے نوجوانوں کو موسمیاتی تعلیم، ہنر، اقدار اور رویہ سے بااختیار بنانے کی اشد ضرورت ہے۔ وزیراعظم کی کوآرڈینیٹر نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی سے متعلق اقوام متحدہ کا فریم ورک کنونشن، پیرس معاہدہ اور ایسوسی ایٹڈ ایکشن فار کلائمیٹ ایمپاورمنٹ (ACE) ایجنڈا حکومتوں سے موسمیاتی تبدیلی پر تمام اسٹیک ہولڈرز کو تعلیم دینے، بااختیار بنانے اور ان سے منسلک کرنے کا مطالبہ کرتا ہے۔ دونوں فریقین نے ملک بھر میں کیمبرج، سرکاری اور پرائیویٹ سکولوں میں مضمون نویسی کے مقابلوں کے انعقاد پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ پی ایم کے کوآرڈینیٹر نے کیمبرج یونیورسٹی پریس اینڈ اسیسمنٹ کے تعاون پر اظہار تشکر کیا۔