آئی جی اسلام آباد کا روزانہ کی بنیاد پر کھلی کچہری کے انعقاد کا سلسلہ جاری،میرٹ پر حل کیلئے متعلقہ افسران کو احکامات جاری

اسلام آباد (سی این پی)آئی جی اسلام آباد محمد احسن یونس کاروزانہ کی بنیاد پر کھلی کچہری کے انعقاد۔ شہریوں اور پولیس جوانوں کے مسائل سنے اور فوری اور میرٹ پر حل کے لئے متعلقہ افسران کو احکامات جاری کئے۔تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد محمد احسن یونس کا روزانہ کی بنیاد پر کھلی کچہری کے انعقاد کا سلسلہ جاری ہے ، جمعرات کے روز سنٹرل پولیس آفس میں شہریوں اور پولیس ملازمین کے مسائل سنے اور ان کے حل کے لئے موقع پر ہی ہدایات جاری کیں، انہوں نے کہا کہ وہ شہریوں کے مسائل کے فوری اور ترجیحی بنیادوں پر حل کے لئے روزانہ کی بنیاد پر کھلی کچہری کا انعقاد کر رہے ہیں ، اگر کسی بھی شخص کو پولیس اہلکاروں یا تھانے کے معاملات میں کوئی مسئلہ درپیش ہے تو وہ کھلی کچہری میں آسکتا ہے، کھلی کچہری میں آئی جی اسلام آباد نے افسران کو بذریعہ ٹیلی فون ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ مقدمات کے اندراج میں تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی ،غفلت لاپرواہی کے مرتکب افسران کے سخت محکمانہ کارروائی کی جائے گی ، آئی جی اسلام آباد نے شہریوں کی شکایات پرمتعلقہ افسران کو احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ مقرر کردہ ٹائم فریم میں درخواستوں کو میرٹ پر حل کر کے رپورٹ سنٹرل پولیس آفس بھجوائیں،آئی جی اسلام آباد نے تمام ایس ڈی پی او ز اور ایس ایچ اوز کو ہدایات دیں کہ وہ اپنے دفاتر میں مقررہ کئے گئے ٹائم کی پابندی کریں اور شہریوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں،انہوں نے افسران کو سختی سے ہدایات جاری کیں کہ قبضہ مافیا کے خلاف کریک ڈاﺅن جاری رکھا جائے اور انہیں گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے ، اس موقع پرآئی جی اسلام آباد نے کہا کہ اسلام آباد پولیس شہریوں کی سہولیات کے لئے مختلف اقدامات اٹھا رہی ہے، کھلی کچہری کے روزانہ کی بنیاد پر انعقاد سے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کر نے میں مدد مل رہی ہے، آئی جی اسلام آباد نے تمام زونل افسران اور ایس ایچ اوز کوہدایت کی کہ و ہ اپنے دفاتر میں مقرر کردہ ٹائم پر شہریوں سے ملاقات کریں اور ان کے مسائل کو بروقت اور میرٹ پر حل کریں۔