آئی جی اسلام آباد کی کھلی کچہری،پولیس اہلکار کی طرف سے رشوت لینے کی شکایات ایس پی انوسٹی گیشن کوانکوائری کا حکم

اسلام آباد(سی این پی)آئی جی اسلام آباد محمد احسن یونس کاروزانہ کی بنیاد پر کھلی کچہری کے انعقاد کا سلسلہ جاریِ۔شہریوں کے مسائل سنے اور متعلقہ افسران کو فوری اور میرٹ پر حل کے احکامات جاری کئے ۔پولیس اہلکار کی طرف سے رشوت لینے کی شکایات ایس پی انوسٹی گیشن کوانکوائری کا حکم، قصور وار پائے جانے پر سخت محکمانہ کارروائی کا حکم ، پولیس ملازم کی درخواست پر فوراویلفئیر کا حکم۔

تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آبادمحمد احسن یونس کا روزانہ کی بنیاد پر کھلی کچہری کے انعقاد کا سلسلہ جاری ہے ، جمعرات کے رو ز 23 شہریوں نے اپنے مسائل پیش کئے۔ آئی جی اسلام آباد نے ایک شہری کی اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل کے اہلکار کی طرف سے رشوت لینے کی شکایت ایس پی انوسٹی گیشن کو مارک کی اور فوری انکوائری کرنے کے احکامات جاری کئے اور ہدایت کی کہ اگر اس میں پولیس اہلکار قصور وار ہے تو فوری معطل کر کے چارج شیٹ کیا جائے اور اس کیخلاف محکمانہ کارروائی کی جائے ا ورسخت سے سخت سزا دی جائے تاکہ دوسروں کیلئے مثال بنے،

آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ ہر اچھے کام میں اپنے افسران کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے جبکہ غلط کام ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا،ایک کیس میں ملزم کی عدم گرفتاری پر فوری گرفتار ی کے احکامات جاری کرتے ہوئے تین دن میں رپورٹ طلب کر لی، ایک پولیس ملازم کی درخواست پر آئی جی اسلام آباد نے فوری بیس ہزار روپے کی ویلفئیر کا حکم دے دیا، آئی جی اسلام آباد نے دیگر شہریوں کی درخواستوں پر متعلقہ افسران کو احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ شکایات کو میرٹ اور قانون کے مطابق حل کر کے دئیے گئے ٹائم فریم میں رپورٹ ان کے دفتر ارسال کریں ۔اس موقع پر آئی جی اسلام آباد نے شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے مسائل ان افسران کو مارک کئے جاتے ہیں جن کے پاس پہلے آپ نہ گئے ہوں ، اگرآپ کا کام نہیں ہوتا تو میرے دروازے ہمیشہ آپ کے لئے کھلے ہیں البتہ اگر کسی کام میں تاخیر ہوتی ہے تو پولیس کے ساتھ تعاون کریں ۔

انہوں نے کہا کہ کچھ کام پولیس کے متعلق نہیں ہوتے لیکن ان میں پھر بھی شہریوں کی مدد کی جاتی ہے ، آئی جی اسلام آباد نے تمام افسران کو سختی سے ہدایت کی کہ کسی بھی مقدمہ میں بے گناہ شہریوں کو گرفتار نہ کریں ، انہوں نے تمام شہریوں کو یقین دلایا کہ ان کے کام ہر صورت میں میرٹ اور ترجیحی بنیادوں پر ہوں گے، کھلی کچہری کا مقصد شہریوں کے مسائل کو فوری اور میرٹ پر حل کرنا ہے ۔ انہوں نے تمام افسران کو بھی ہدایت کی کہ وہ اپنے دفاتر میں مقررہ اوقات کی پابندی کریں اور شہریوں کے ساتھ انتہائی مثبت رویہ سے پیش آئیں اور ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں۔