لندن۔ ای کامرس کمپنی ایمازون نے اعلان کیا ہے کہ وہ رواں سال کے آخر تک برطانیہ میں ڈرونز کے ذریعے پیکج کی ترسیل شروع کر دے گی۔
آن لائن خریداری کی کمپنی کو برطانیہ میں ڈرون کے استعمال کو بڑھانے کے لیے کیے جانے والے تجربات کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ چھوٹے پیکجز کو آرڈر کرنے کے ایک گھنٹے کے اندر فراہم کریں گے۔
ایمازون ان چند اداروں میں شامل ہے جنہیں سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بیونڈ وژوئل لائن آف سائٹ (بی وی ایل او ایس) ڈرون پروازوں کے تجربے کے لیے منتخب کیا ہے۔
بی وی ایل او ایس کا مطلب ہے کہ ڈرون کی پرواز کے دوران ان کی نگرانی کے لیے کسی آپریٹر کی ضرورت نہیں ہوگی۔
کمپنی پہلے ہی امریکہ کے کیلیفورنیا کے شہر لوکفورڈ اور ٹیکساس کے شہر کالج اسٹیشن میں ڈرون کے ذریعے پیکجز کی ترسیل کر رہی ہے۔
یہ ڈرون برطانیہ کے فُل فِلمنٹ سینٹرز میں سے ایک سے 12 کلومیٹر تک کے فاصلے تک پرواز کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔