کراچی میں نجی ٹی وی چینل کے ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران اداکارہ حرا مانی، فلم ڈائریکٹر نبیل قریشی اور دیگر عملے پر علاقہ مکینوں نے حملہ کردیا۔رپورٹس کے مطابق پی آئی بی کالونی جمشید کوارٹر میں نجی ٹی وی کے ڈرامے کی شوٹنگ جاری تھی کہ علاقہ مکینوں نے اسٹاف پر حملہ کیا اور ان سے بدتمیزی کی۔
ڈائریکٹر نبیل قریشی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر واقعے کی تفصیلات بتائے ہوئے کہا کہ ایک ہجوم نے اداکارہ اور عملے کے ارکان کو ہراساں کیا، ان کے موبائل فونز اور دیگر سامان بھی چوری کیا گیا ہے۔
نبیل قریشی نے ایک اور ٹوئٹ میں دعویٰ کیا کہ حملہ آور ہتھیاروں سے لیس تھے، اس سے قبل کراچی میں ایسا واقعہ کبھی پیش نہیں آیا۔
فلم ڈائریکٹر نے حکام سے مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ اس واقعے کو ایک مثال بنایا جاسکے اور فلم سازوں کے مستقبل کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر 2 افراد کو حراست میں لے لیا گیا، واقعے سے متعلق تفتیش جاری ہے۔