سجل علی نے میڈم نور جہاں کی غزل گنگنا کر سب کے دل جیت لئے

معروف اداکارہ سجل علی نے میڈم نور جہاں کی گائی ناصر کاظمی کی غزل ’ نیت شوق بھر نہ جائے کہیں ’ گنگنا کر ملکہ ترنم کی یاد تازہ کر دی۔سجل علی نے ’بی بی سی ایشین نیٹ ورک کے ریڈیو شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنی نئی آنے والی فلم ’واٹس لو گوٹ ٹو ڈو ود اٹ؟‘ اور اپنے شوبز کیریئر پر تفصیلی گفتگو کی۔

انٹرویو کے دوران گیم راؤنڈ میں سجل علی نے پہلے سلمان خان کی فلم ٹائگر میں عاطف اسلم کا گانا ’دل دیا گلاں‘ گنگیا۔بعدازاں میزبان کی فرمائش پر سجل نے ناصر کاظمی کی غزل ’ نیت شوق بھر نہ جائے کہیں ’ گنگنائی، سجل کی سریلی آواز میں گائی غزل کو نیچے دیے گئے لنک میں سناجاسکتا ہے، اس غزل کو میڈم نورجہاں نے اپنی خوبصورت آواز میں گایا تھا۔

انٹرویو کی دوران سجل نے ایک بار پھر بولی وڈ اداکارہ سری دیوی کے ساتھ کام کا تجربہ شیئر کیا جس میں انہون نے کہا کہ سری دیوی کے ساتھ کام کا تجربہ میرے لیے غیر یقینی تھا کیوں کہ سری دیوی کو دیکھ کر ہی انسان سب کچھ بھول جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک اچھے اداکار کے لیے اس کا اچھا انسان ہونا بھی ضروری ہے تاکہ کوئی بھی شخص ان کے ساتھ اچھا محسوس کرسکے اور سری دیوی میں یہ تمام خصوصیات پائی جاتی تھیں ’۔انہوں نے ڈان سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ سری دیوی کے ساتھ کام کرنا میرے لیے بہت بڑی بات تھی اور میرے ملک کے لیے بھی اعزاز کی بات تھی۔