لاہور (شوبز رپورٹر) اداکارہ اور ٹی وی میزبان عائشہ عمر نے اپنے آنے والے اردو زبان کے ریئلٹی شو ’’ لازوال عشق‘‘ کے حوالے سے پھیلنے والی افواہوں کو یکسر مسترد کر دیا ہے تفصیلات کے مطابق مختلف نیوز آؤٹ لیٹس نے دعویٰ کیا تھا کہ یہ شو پاکستان کا پہلا ڈیٹنگ شو ہوگا، تاہم عائشہ عمر نے واضح الفاظ میں کہا ہے کہ نہ انہوں نے اور نہ ہی پروڈکشن ٹیم نے اسے کبھی ڈیٹنگ شو کہا ہے نجی میڈیا آؤٹ لیٹ کو دیے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں عائشہ عمر نے کہا کہ یہ شو کسی مغربی فارمیٹ، خصوصاً ’’لو آئی لینڈ‘‘ سے متاثر نہیں ہے۔ ان کے مطابق ’’ لازوال عشق‘‘ کا مقصد محض وقتی تعلقات نہیں بلکہ بامعنی گفتگو، طویل المدتی رشتے اور شادی کے لیے موزوں ساتھی کی تلاش کو اجاگر کرنا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ یہ ریئلٹی شو ترکیہ میں فلمایا گیا ہے، مگر چونکہ یہ اردو زبان میں ہے اور پاکستانی ناظرین کے لیے بنایا جا رہا ہے، اس لیے اس کا فارمیٹ مقامی ثقافتی اقدار کے عین مطابق ہے۔ شرکا ایک پرتعیش ولا میں رہیں گے لیکن ان کے لیے الگ فلورز، الگ کمرے اور علیحدہ ڈریسنگ اسپیسز ہوں گے، جبکہ صرف کچن، لاؤنج اور پول سائیڈ مشترکہ استعمال میں آئیں گے عائشہ عمر نے ’’ لازوال عشق‘‘ کو ایک بصیرت افروز سماجی تجربہ قرار دیا جو نوجوانوں کے میل جول، بات چیت اور رویوں کو اجاگر کرے گا۔ ان کے مطابق شو میں پہلے سے کوئی جوڑے شامل نہیں ہوں گے، بلکہ شرکا اپنی مرضی سے ایک دوسرے کو جاننے، گفتگو کرنے اور شادی کے مقصد سے تعلق قائم کرنے کا موقع پائیں گے۔ کھیل اور سرگرمیاں بھی اسی عمل کا حصہ ہوں گی شو کے ٹیزر میں عائشہ عمر کو ترکیہ کے حسین مناظر کے ساتھ ایک پرتعیش بنگلے میں داخل ہوتے دکھایا گیا ہے جہاں انہوں نے اس پروگرام کو ’’ابدی محبت کی تلاش اور جذباتی آزمائش‘‘ قرار دیا۔ تاہم، ٹیزر سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پر شدید تنقید اور بائیکاٹ کی مہم شروع ہوگئی تھی۔ صارفین نے پیمرا سے پابندی کا مطالبہ کیا لیکن ادارے نے وضاحت دی کہ یہ شو ٹی وی پر نہیں بلکہ صرف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر نشر ہوگا، لہٰذا اس پر پیمرا کا دائرہ اختیار لاگو نہیں ہوتا۔
’’ لازوال عشق‘‘ جلد یوٹیوب پر نشر کیا جائے گا، البتہ اس کی حتمی تاریخ کا اعلان تاحال نہیں کیا گیا۔