پاکستان بیت المال غریبوں اور مستحق افراد کے لیے مختلف فلاحی منصوبوں پر عمل پیرا ہے،منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال سینیٹر کیپٹن شاہین خالد بٹ

اسلام آباد(نیوز رپورٹر)منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال سینیٹر کیپٹن شاہین خالد بٹ نے یہاں ادارے کے صدر دفتر میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا ملکی مسائل کے حل اور عوامی شعور کی بیداری اور آگاہی کے لیے میڈیا کسی بھی ملک کا ایک اہم ستون ہےمیں اپنے ملک کے صحافی برادری کو انتہائی عزت اور قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہوں،صحافت جیسے مقدس پیشے سے وابستہ افراد انتہائی ذمہ دار اور محبِ وطن ہیں
پاکستان جیسے ترقی پذیر ملک میں غربت سے وابستہ مسائل نہایت گھمبیر اور درد بھرے ہیں سال 1992میں پاکستان بیت المال کے قیام پاکستان کو صحیح انداز میں ایک اسلامی فلاحی ریاست بنانے کا تصور بھی پیش کرتا ہے
پاکستان بیت المال کو ملک کا پہلا فلاحی ادارہ ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے جس کی 33سال سے زائد ملک گیر سماجی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے .

پاکستان بیت المال کینسر، امراضِ قلب، ہیپاٹائٹس، امراض ِگردہ،حتی کہ ڈائلاسس اور کڈنی ٹرانسپلانٹ، تھیلیسمیا اور دیگر مائنر اور میجر سرجریز کے علاج کے لیے غریب اور مستحق مریضوں کی معاونت کرتا ہےپیدائشی طور پر سننے اور بولنے سے محروم بچوں کو دوبارہ سے زندگی کی آوازیں سننے کے قابل بناتے ہوئے انہیں روشن مستقبل کی طرف گامزن کرنے کے لیے مہنگے آلے کاکلئر امپلانٹ کی سرجری کے لیے معاونت بھی کی جارہی ہے پاکستان بیت المال کی طرف سے معذور افراد کی امداد اور بحالی کو یقینی بناتے ہوئے انہیں ویل چئیرز، مصنوعی اعضاء، آلاتِ سماعت اور دیگر مددگار آلات کی فراہمی ممکن بنائی جارہی ہےغریب مگر ہونہار طالب علموں کی تعلیم میں حائل مالی مشکلات کو دور کرتے ہوئے فیس کی ادائیگی کے لیے معاونت کی جارہی ہےآزاد کشمیر سمیت پاکستان کے ہر صوبے کے اضلاع میں پاکستان بیت المال کے 162ویمن ایمپاورمنٹ سنٹرز ضرورت مند خواتین کو پیشہ وارانہ تربیت فراہم کرتے ہوئے انہیں معاشی خود انحصاری کے سفر پر گامزن کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا یتیم بچوں کی کفالت اور تعلیم و تربیت کے لیے قائم 46سویٹ ہومز میں 4172یتیم بچے رہائش پذیر ہیں۔پاکستان بیت المال نے ملک بھر میں 160سکول قائم کر رکھے ہیں جہاں پر مختلف مزدوریوں میں مبتلا بچوں کو مزدوریوں سے نجات دلاتے ہوئے زیورِ تعلیم سے آراستہ کیا جارہا ہےپاکستان بیت المال نے اس سال رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں ”میزبانِ رمضان“ کے نام سے ملک بھر میں افطار باکسز تقسیم کرنے کی ذمہ داری اٹھائی جو کامیابی کے ساتھ رواں دواں ہے”میزبانِ رمضان“ پروگرام ملک بھر کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں کے مستحق افراد کو بھی مستفید کر رہا ہے جس کی نگرانی میں خود کر رہا ہوں میزبانِ رمضان پروگرام کے تحت اب تک 17لاکھ 72ہزار سے زائد افراد میں افطار باکسز تقسیم کیے جاچکے ہیں ، میں نے بطور منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال اپنی ذمہ داریاں تقریباً 3ماہ قبل سنبھالی ہیں.

انہوں نے مزید کہا میں اس عہدے کو بہت بڑی ذمہ داری سمجھتا ہوں اور میرا یہ عزم ہے کہ وزیر اعظم پاکستان کے وژن کی روشنی میں سماجی تحفّظ کے میدان میں درپیش چیلنجز کو بخوبی حل کروںدفتر میں آئے سائلین سے روزانہ کی بنیاد پر خود ملاقات کر تا ہوں تاکہ ان کو درپیش مسائل فوری حل کیے جاسکیں غربت سے متاثرہ افراد کی مستقل بحالی اور خود روزگار پر یقین رکھتا ہوں وفاقی حکومت کے پلان ”اُڑان پاکستان“ کو ترقی اور خوشحالی کے لیے مشعل ِ راہ سمجھتا ہوں ادارے کے موجودہ فلاحی پروگراموں میں وسعت اور بہتری کے ساتھ ساتھ مستقبل میں مزیدفلاحی سرگرمیاں شروع کرنے کا بھی ارادہ رکھتا ہوں.