دیپیکا پڈوکون نے بیٹی کی پیدائش کے بعد ممبئی میں نیا گھر خریدلیا

ممبئی: بالی ووڈ کی سُپر اسٹار دیپیکا پڈوکون نے اپنی بیٹی کی پیدائش کے بعد ممبئی کے پوش علاقے باندرہ میں کروڑوں روپے مالیت کا نیا گھر خریدا ہے۔

دیپیکا اور رنویر سنگھ کے ہاں 8 ستمبر کو بیٹی کی پیدائش ہوئی، جس کے بعد دیپیکا ایک ہفتے تک اسپتال میں رہیں۔ حال ہی میں وہ اپنی نومولود بیٹی اور شوہر کے ساتھ گھر لوٹیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق، دیپیکا نے 17 کروڑ 80 لاکھ بھارتی روپے میں ایک اپارٹمنٹ خریدا ہے، جو ساگر ریشم کوآپریٹو سوسائٹی کی 15ویں منزل پر واقع ہے۔ یہ اپارٹمنٹ اپنے سمندری نظاروں کی وجہ سے معروف ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ نیا اپارٹمنٹ رنویر سنگھ کی والدہ انجو کے گھر کے بالکل برابر میں واقع ہے۔

رنویر سنگھ اور دیپیکا پڈوکون نے 2018 میں اٹلی میں ایک شاندار تقریب کے دوران شادی کی تھی اور رواں سال فروری میں انہوں نے اعلان کیا تھا کہ ستمبر میں ان کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش متوقع ہے۔