حکومت پٹرول پر 100 روپے سے زائد لیوی لے رہی ہے، ختم کرے . شرجیل میمن

کراچی (بیورو رپورٹ) سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت فی لٹر پر 100 روپے سے زیادہ لیوی لے رہی ہے، موجودہ حالات میں یہ لیوی ختم کی جائے ، سندھ اسمبلی کے اجلاس میں شرجیل میمن نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے سے ہر چیز مہنگی ہو جاتی ہے، تنخواہ دار طبقہ پس گیا ہے، پیپلزپارٹی پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت موجودہ حالات میں لیوی ختم کرے، پیپلزپارٹی بھی لیوی ختم کرنے کا مطالبہ کرتی ہے، وفاقی حکومت ہوش کے ناخن لے اور لیوی ختم کرے ، شرجیل میمن نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کرنے کے متعلق قرارداد پی ٹی آئی کے محمد اویس نے پیش کی، ہم اس قرارداد کی بھرپور تائید کرتے ہیں اور وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ لیوی ختم کرے۔

انہوں نے ایم کیو ایم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم وفاقی حکومت کی اتحادی ہے، وفاقی حکومت سے بات کرے، ایم کیو ایم 2008 میں پیپلزپارٹی کی حکومت کی اتحادی تھی، ایک روپے پٹرول کی قیمت بڑھ گئی تو حکومت چھوڑ دی تھی ، شرجیل میمن نے کہا کہ اقتدار کے نشے میں 100 روپے قیمت بڑھ جاتی ہے تو سانپ سونگھ گیا ہے، حکومت کے مزے لے رہے ہیں، جو وفاقی کابینہ میں بیٹھے ہیں وہ بات کریں۔