لاہور (بیورو رپورٹ) غیر ملکی خاتون سے مبینہ زیادتی کے مقدمے میں عدالت نے بیان ریکارڈ کرانے کے لیے 28 ستمبر کو طلب کرلیا ، لاہور کی کینٹ کچہری میں آذربائیجان سے تعلق رکھنے والی غیر ملکی خاتون سے مبینہ زبردستی زیادتی کے مقدمے کی سماعت ہوئی، پولیس کے مطابق خاتون نے تھانہ ڈیفنس سی میں مبینہ زیادتی کا مقدمہ درج کرایا ہے۔
غیر ملکی خاتون کو ڈیوٹی مجسٹریٹ ارم یوسف کے روبرو پیش کیا گیا، جہاں عدالت نے خاتون کا ابتدائی بیان ضابطہ فوجداری کی دفعہ 164 کے تحت ریکارڈ کرنے کے لیے اسے 28 ستمبر کو متعلقہ علاقہ مجسٹریٹ کے سامنے پیش کرنے کی ہدایت کردی۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ آج ملک بھر میں عام تعطیل ہے اور ریمانڈ کے علاوہ کسی فائل پر سماعت نہیں کی جا سکتی، عدالت نے تفتیشی افسر کو ہدایت کی کہ متاثرہ خاتون کو 28 ستمبر کو متعلقہ علاقہ مجسٹریٹ کے روبرو پیش کیا جائے ، دوسری جانب عدالت نے پولیس کو مبینہ مقدمے میں نامزد ملزمان کی تلاش کی بھی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ملزمان کی دستیابی پر انہیں نوٹس جاری کیے جائیں۔

