لاہور (بیورو رپورٹ ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے کے عوام کو سستا آٹا اور گندم ہر صورت فراہم کرنے کا حکم دیتے ہوئے سستے آٹے کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے 10 ارب روپے کی سبسڈی کی منظوری دے دی ، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت ویڈیو لنک اجلاس منعقد ہوا، جس میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے اور آٹے کی قیمتوں کو مناسب سطح پر برقرار رکھنے کے لیے مختلف اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فلور ملوں کو فراہم کی جانے والی سبسڈائز سرکاری گندم کا کوٹہ بڑھانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ فلور ملوں کو یہ گندم 3,800 روپے فی من کے حساب سے فراہم کی جا رہی ہے۔
اجلاس کے دوران سستے آٹے کی مسلسل فراہمی یقینی بنانے کے لیے 10 ارب روپے کی سبسڈی دینے پر اتفاق کیا گیا، جس کی وزیراعلیٰ مریم نواز نے باقاعدہ منظوری دے دی اس موقع پر مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب کے عوام پر مہنگائی کا بوجھ انتہائی تکلیف دہ ہے اور حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی۔
وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ عوام تک سستے آٹے کی ترسیل ہر صورت یقینی بنائی جائے تاکہ مہنگائی سے متاثرہ شہریوں کو ریلیف مل سکے مریم نواز نے واضح کیا کہ صوبے میں عوام کو سستے آٹے اور سستی روٹی کی فراہمی جاری رہے گی اور اس مقصد کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں گے ، حکومت پنجاب کی جانب سے 10 ارب روپے کی سبسڈی کی منظوری اور سرکاری گندم کا کوٹہ بڑھانے کے فیصلے کا مقصد آٹے کی دستیابی بہتر بنانا اور عوام کو مہنگائی کے اثرات سے ممکنہ حد تک تحفظ فراہم کرنا ہے۔

