اسلام آباد (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا تھیم پارک اسلام آباد میں تعمیر کرنے کا منصوبہ سامنے آگیا، جس کے لیے سعودی سرمایہ کار سرمایہ کاری کریں گے، جبکہ کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) منصوبے کے لیے اراضی فراہم کرے گی۔
پاکستان کے پہلے تھیم پارک منصوبے کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب تاریخی قذافی اسٹیڈیم میں منعقد ہوئی، جس میں وفاقی وزیر داخلہ اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
مفاہمتی یادداشت پر سعودی پاکستان بزنس کونسل کے چیئرمین شہزادہ منصور بن محمد السعود اور چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف نے دستخط کیے۔ محسن نقوی نے معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے شہزادہ منصور بن محمد السعود کو مبارکباد دی۔
معاہدے کے مطابق سعودی سرمایہ کار اسلام آباد میں تھیم پارک کی تعمیر کے لیے سرمایہ کاری کریں گے، جبکہ سی ڈی اے منصوبے کے لیے اراضی فراہم کرے گی۔ اس منصوبے کو پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی تعاون اور سرمایہ کاری کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے سعودی عرب سے آنے والے مہمانوں کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ اسلام آباد کے بنیادی ڈھانچے کو جدید ترین شہروں کے معیار کے مطابق ترقی دی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تھیم پارک ایک گیم چینجر منصوبہ ثابت ہوگا اور سعودی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی، ان کا کہنا تھا کہ آئندہ چند ماہ میں سعودی عرب میں پاکستان کے رئیل اسٹیٹ شعبے کے حوالے سے روڈ شو منعقد کرنے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے ، سعودی پاکستان بزنس کونسل کے چیئرمین شہزادہ منصور بن محمد السعود نے کہا کہ پاکستان، خصوصاً اسلام آباد میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں۔
تقریب میں سی ڈی اے کے ممبران اور سعودی وفد کے ارکان بھی شریک ہوئے، منصوبے سے متعلق مفاہمتی یادداشت پر دستخط کو دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری اور ترقیاتی تعاون بڑھانے کی کوششوں کا حصہ قرار دیا گیا ہے۔

