راولپنڈی (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی راولپنڈی آمد پر مختلف علاقوں میں شاندار استقبال کیا گیا، جہاں شہریوں، تاجروں، خواتین اور طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد نے خیرمقدم کرتے ہوئے پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں، استقبالی پوسٹرز آویزاں کیے گئے اور روایتی پنڈی انداز میں جشن کا سماں دیکھنے میں آیا۔
وزیراعلیٰ کی آمد کے موقع پر سڑکوں، بازاروں اور مختلف گزرگاہوں پر لوگوں کا ہجوم جمع رہا ، کئی مقامات پر گل پاشی کی گئی جبکہ ڈھول کی تھاپ پر شہریوں نے روایتی انداز میں استقبال کیا، استقبالی تقریبات میں گھڑ ڈانس کا مظاہرہ بھی پیش کیا گیا، جس نے ماحول کو مزید پرجوش بنا دیا۔

راولپنڈی کی تاجر برادری نے بھی مریم نواز شریف کا گرمجوشی سے خیرمقدم کیا، جبکہ خواتین کی بڑی تعداد استقبال کے لیے مختلف مقامات پر موجود رہی۔ پیر مہر علی شاہ یونیورسٹی کے طویل بیرونی راستے پر طلبہ و طالبات نے دونوں اطراف قطاریں بنا کر وزیراعلیٰ کا استقبال کیا۔ یونیورسٹی گیٹ پر موجود کارکنوں نے ان کی آمد پر نعرے لگا کر خیرمقدم کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے دورہ راولپنڈی کے موقع پر خصوصی طور پر تیار کردہ خالص سونے کا تاج بھی انہیں پیش کیا گیا ، آل پاکستان رجسٹرڈ سمال جیمز اینڈ جیولری اینڈ ٹول ایسوسی ایشن نے اپنی مدد آپ کے تحت یہ تاج تیار کروایا تھا۔

ایسوسی ایشن کے زونل چیئرمین غلام مصطفیٰ نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو سونے کا تاج پہنایا ، ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کے مطابق تاج پیش کرنے کا مقصد وزیراعلیٰ کی راولپنڈی آمد پر خوش آمدید کہنا اور ان کے لیے اظہارِ تشکر کرنا تھا ، وزیراعلیٰ کی آمد پر شہر کے مختلف مقامات پر ہونے والی استقبالی سرگرمیوں میں شہریوں، تاجروں اور طلبہ کی شرکت نمایاں رہی، جبکہ روایتی ثقافتی مظاہروں اور سونے کے تاج کی پیشکش دورے کی خصوصی توجہ کا مرکز بن گئی۔

