سعودی ولی عہد جلد ایران کا دورہ کریں گے؛ ایرانی میڈیا کا دعویٰ

تہران(مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے ایران کے عبوری صدر محمد مخبر کی دعوت قبول کرتے ہوئے جلد ہی ایران کا دورہ کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ایران کے سرکاری خبر رساں ادارے ”ارنا“ کے مطابق ہیلی کاپٹر حادثے میں صدر ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ سمیت 8 اعلیٰ حکام کی جاں بحق ہونے پر سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے قائم مقام ایرانی صدر محمد مخبر سے ٹیلی فونک گفتگو میں تعزیت کا اظہار کیا۔دونوں رہنماﺅں کے درمیان کافی دیر تک بات چیت ہوئی۔ ولی عہد محمد بن سلمان نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں سعودی حکومت اور عوام افسوس کا اظہار کرتے ہیں۔ایرانی سرکاری میڈیا ارنا نے دعویٰ کیا ہے کہ ٹیلی فونک گفتگو کے دوران قائم مقام صدر محمد مخبر نے شہزادہ محمد بن سلمان کو ایران کا دورہ کرنے کی دعوت کی جسے ولی عہد نے قبول کرلیا۔سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے بھی ایران کے قائم مقام صدر محمد مخبر کو سعودی دورے کی دعوت دی۔