مال روڈ مری پر فائر ہائیڈرینٹ نصب، فائر سیفٹی نظام مزید مؤثر بنانے کیلئے عملی اقدام

مری(سٹاف رپورٹر )وزیرِ اعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر مال روڈ مری میں فائر ہائیڈرینٹ نصب کر دیا گیا ہے۔ منیجنگ ڈائریکٹر واسا مری عظیم شوکت نے اس موقع پر بتایا کہ مری جیسے اہم سیاحتی مقام پر فائر سیفٹی کے مؤثر انتظامات وقت کی ضرورت ہیں، اسی سلسلے میں یہ اہم اقدام اٹھایا گیا ہے۔

ایم ڈی واسا مری کے مطابق ریسکیو 1122 کے ساتھ مشترکہ ڈیمانسٹریشن بھی کی گئی جس میں نصب شدہ فائر ہائیڈرینٹ کو مکمل طور پر فعال قرار دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس نظام کے ذریعے کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل ممکن بنایا جا سکے گا۔

عظیم شوکت کا کہنا تھا کہ حکومتِ پنجاب فائر سیفٹی نظام کو مزید بہتر اور مؤثر بنانے کیلئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے، بالخصوص سیاحتی مقامات پر ہنگامی حالات سے نمٹنے کیلئے عملی حکمت عملی اپنائی جا رہی ہے تاکہ شہریوں اور سیاحوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔