اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی کے تناظر میں وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ایک اہم اعلیٰ سطحی اجلاس جاری ہے، جس میں ملکی سلامتی، توانائی بحران اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی غور کیا جا رہا ہے، ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سمیت اعلیٰ عسکری و سیاسی قیادت شریک ہے۔ اجلاس کے دوران مشرقِ وسطیٰ کی بگڑتی صورتحال، خصوصاً امریکا، اسرائیل اور ایران کے درمیان کشیدگی کے ممکنہ اثرات اور ان کے سفارتی حل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں اس بات کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے کہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پاکستان کی داخلی و خارجی پالیسی پر کس حد تک اثر انداز ہو سکتی ہے۔ ساتھ ہی توانائی کے ممکنہ بحران اور عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات پر حکام کو بریفنگ دی گئی، وزیراعظم نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ صورتحال پر گہری نظر رکھیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیاری یقینی بنائیں۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی آج شام صدر مملکت آصف علی زرداری سے بھی اہم ملاقات متوقع ہے، جس میں مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال، ایران سے متعلق کشیدگی اور توانائی بحران پر مشاورت کی جائے گی، مزید برآں، حکومتی و اتحادی جماعتوں کو اعتماد میں لینے اور قومی سلامتی سے متعلق آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ اجلاس میں پاکستان کے ممکنہ سفارتی کردار اور ثالثی کے آپشنز بھی زیر بحث آئے،ذرائع کا کہنا ہے کہ اہم علاقائی پیش رفت کے پیش نظر قومی قیادت کے درمیان مسلسل رابطے برقرار رکھنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

