سمارٹ لاک ڈاؤن میں نرمی کی جائے، مارکیٹیں رات 10 اور ریسٹورنٹس 12 بجے تک کھولنے کا مطالبہ

راولپنڈی(کامرس رپورٹر)راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آر سی سی آئی) نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سمارٹ لاک ڈاؤن میں نرمی کرتے ہوئے مارکیٹوں کے اوقات رات 10 بجے جبکہ ہوٹلوں اور ریسٹورنٹس کے اوقات رات 12 بجے تک بڑھائے جائیں تاکہ عید کی خریداری میں آسانی پیدا ہو سکے۔یہ مطالبہ آر سی سی آئی کے زیر اہتمام ممبران کے اعزاز میں منعقدہ “ممبرز نائٹ” تقریب میں کیا گیا، جس میں چیمبر ممبران، انجمن تاجران کے نمائندوں اور شہر و کینٹ کی مختلف مارکیٹوں کے تاجروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کے مہمان خصوصی اسٹیشن کمانڈر بریگیڈیئر علی انجم سید تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر آر سی سی آئی عثمان شوکت نے کہا کہ پاکستان میں شدید گرمی کے باعث دن کے اوقات میں خریداری مشکل ہو چکی ہے، اس لیے زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے مارکیٹوں کے اوقات میں توسیع کی جائے انہوں نے کہا کہ سمارٹ لاک ڈاؤن کے باعث حکومت کو ٹیکس شارٹ فال کا سامنا ہے جبکہ کاروبار سے وابستہ مزدور طبقہ بھی شدید مشکلات میں مبتلا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مارکیٹیں رات 10 بجے جبکہ ہوٹل اور ریسٹورنٹس رات 12 بجے تک کھلے رکھنے کی اجازت دی جائے۔

گروپ لیڈر سہیل الطاف نے کہا کہ شدید گرمی میں دن کے وقت خریداری آسان نہیں، اس لیے عید کی آمد کے پیش نظر کاروباری اوقات میں نرمی ضروری ہے۔ انہوں نے حکومت سے کفایت شعاری مہم کے تحت غیر ضروری اخراجات کم کرنے کا بھی مطالبہ کیا تقریب کے دوران موجود آر سی سی آئی ممبران اور تاجروں نے ہاتھ اٹھا کر باآواز بلند اس مطالبات کی حمایت اور توثیق کی۔

ایونٹ چیئرمین خواجہ راشد وائیں نے استقبالیہ خطاب میں کہا کہ تقریب کا مقصد تاجروں کو نیٹ ورکنگ، خیالات کے تبادلے اور نئے کاروباری مواقع تلاش کرنے کا پلیٹ فارم فراہم کرنا تھا اس موقع پر سینئر نائب صدر خالد فاروق قاضی، نائب صدر فہد برلاس، سابق صدور، ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین اور چیمبر ممبران بھی موجود تھے۔