ماسکو (ویب ڈیسک) روس کے نائب وزیر خارجہ آندرے روڈینکو نے پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور خلیج فارس کے حوالے سے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
روسی وزارتِ خارجہ کے مطابق 26 جون کو روسی نائب وزیر خارجہ آندرے روڈینکو نے روس میں تعینات پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی سے ملاقات کی، ملاقات میں روس اور پاکستان کے درمیان موجودہ دوطرفہ ایجنڈے پر گفتگو ہوئی جبکہ خلیج فارس کی صورتحال پر بھی فریقین نے اپنے خیالات کا تبادلہ کیا۔
روسی حکام نے امریکہ اور ایران کے درمیان فوجی کشیدگی کے خاتمے کے لیے اسلام آباد کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ روس پاکستان کی سفارتی کوششوں اور مذاکراتی عمل کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب خطے میں امن و استحکام کے لیے سفارتی کوششیں جاری ہیں اور روس و پاکستان مختلف علاقائی و عالمی معاملات پر رابطوں کو مزید مضبوط بنانے پر توجہ دے رہے ہیں۔

