Federal Minister Sardar Awais Leghari capitalnewspoimt.com

پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کا دفاعی اتحاد خطے کے امن کے لیے اہم پیش رفت ہے. اویس لغاری

اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان ہونے والے جوائنٹ ڈیفنس ایگریمنٹ کو پاکستانی عوام کے لیے باعثِ عزت اور قابلِ فخر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ تین اہم ممالک کا امن اور اپنے دفاع کے تحفظ کے لیے متحد ہونا خطے کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے۔

اپنے پیغام میں وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب مالی وسائل، عسکری قوت اور اپنی حفاظت کی بھرپور صلاحیت رکھنے والے اہم ممالک ہیں۔ تینوں ممالک کا ایک ساتھ آنا ڈیٹرنس اور اپنے ممالک سمیت پورے خطے کو امن میں رکھنے کے لیے ہے ، سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا کہ تینوں ممالک آئندہ مل کر ایک دوسرے کا تحفظ اور حفاظت کریں گے۔ اس مشترکہ تعاون کا مقصد یہ ہے کہ کسی بھی قسم کی ناجائز جارحیت یا جارحانہ اقدام کے خلاف تینوں ممالک ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہوں اور عوام کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کی مشترکہ قوت انہیں ایک ایسی پوزیشن میں لے آئے گی جہاں وہ فولادی دیوار بن کر کسی بھی دشمن کی جارحیت کا مل کر مقابلہ کر سکیں گے ، تینوں ممالک کی قوت کے یکجا ہونے سے کسی کو بھی اس خطے میں یا خطے سے باہر ان میں سے کسی ملک کے خلاف جارحانہ قدم اٹھانے کی جرأت نہیں ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ اس مشترکہ دفاعی تعاون میں حرمین الشریفین کی حفاظت، ترکیہ کے عوام اور پاکستان کے عوام کے تحفظ کا عزم شامل ہے، جو تینوں ممالک کے باہمی اعتماد اور بھائی چارے کی عکاسی کرتا ہے ، وفاقی وزیر توانائی نے پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے عوام، قیادت اور حکمرانوں کو اس اہم معاہدے پر مبارکباد دیتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ تینوں برادر ممالک کے درمیان یہ اتحاد ہمیشہ قائم و دائم رکھے۔