اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) سینیٹر روبینہ خالد نے تحصیل گمبٹ اور ویلج کونسل آفس توغ بالا، کوہاٹ میں بی آئی ایس پی کے ادائیگی مراکز کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پروگرام کے تحت مالی معاونت حاصل کرنے والی مستحق خواتین سے ملاقات کی اور ادائیگی کے عمل اور سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔دورے کے دوران سینیٹر روبینہ خالد نے خواتین سے بات چیت کی، ان کے مسائل سنے اور انہیں یقین دلایا کہ بی آئی ایس پی ان کی فلاح و بہبود کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔
انہوں نے خواتین کو شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی جرات اور وژن کی یاد دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ وہ بھی انہی کی طرح بہادری سے اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کریں۔انہوں نے کہا: “یہ رقم آپ کا حق ہے۔ اگر کوئی فرد رقم میں غیر قانونی کٹوتی کرے تو فوراً اس کی شکایت کریں۔ ایسی کسی بھی بے ضابطگی کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔”انہوں نے مزید ہدایت کی کہ صرف وہی خواتین کیمپ سائٹس پر آئیں جنہیں 8171 سے ادائیگی کا پیغام موصول ہو۔
انہوں نے واضح کیا کہ بار بار سروے ممکن نہیں، اس لیے تمام مستحق خواتین کو معلومات کی فراہمی کے لیے کیمپ سائٹس پر آگاہی بینرز آویزاں کیے جائیں۔توغ بالا کے ویلج کونسل آفس میں، سینیٹر روبینہ خالد نے بی آئی ایس پی کے عملے کو ہدایت کی کہ وہ مستحق خواتین کی مناسب رہنمائی کریں اور انہیں تمام ممکنہ سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ ان کا مرکز پر آنا باعزت اور آسان ہو۔بعد ازاں، چیئرپرسن نے ڈپٹی کمشنر کوہاٹ عبد الاکرم سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ملاقات میں بی آئی ایس پی کیمپ سائٹس کے انتظامات، پارٹنر بینکوں کی جانب سے فراہم کردہ خدمات، مستحق خواتین کے لیے سایہ دار انتظار گاہوں کی دستیابی، اور صاف پانی کی فراہمی جیسے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر کوہاٹ نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی اور چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔