اسلام آباد( سٹاف رپورٹر )آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) نے صوبہ سندھ کے ضلع خیرپور میں واقع بترسیم ایکسپلوریشن لائسنس کے علاقے میں فاقر-1کنویں سے تیل اور گیس کی اہم دریافت کا اعلان کیا ہے۔ فاقر-1کنویں میں او جی ڈی سی ایل بطور آپریٹر95 فیصد، جبکہ گورنمنٹ ہولڈنگز (پرائیویٹ) لمیٹڈ (جی ایچ پی ایل) 5فیصدکی شراکت دار ہے۔ تفصیلات کے مطابق فاقر-1 کو بطور تحقیقی کنواں 31 دسمبر 2024 کو کھودا گیا اور اسے سیمبر فامیشن میں 4,185 میٹر کی گہرائی تک پہنچایا گیا۔ کھدائی کا یہ عمل او جی ڈی سی ایل کی اپنی ماہر ٹیم نے مشترکہ منصوبے کے شراکت دار کے تعاون سے مکمل کیا۔
وائر لائن لاگ کے نتائج کے تجزیے کے بعد، لوئر گورو فامیشن میں موجود میسیو سینڈ اور بیسل سینڈ کی سطحوں پر دو ڈرل اسٹیم ٹیسٹ کیے گئے۔ ان ٹیسٹس کے نتائج کے مطابق کنویں سے 55 بیرل یومیہ خام تیل اور64 لاکھ مکعب فٹ یومیہ گیس کی پیداوار حاصل ہو رہی ہے۔ یہ دریافت بترسیم ایکسپلوریشن لائسنس کے لیے ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوئی ہے اور لوئر گورو فامیشن (بیسل اور میسیو سینڈ) کی صلاحیت کو اجاگر کرتی ہے۔ اس دریافت سے بلاک کی تجارتی اہمیت میں اضافہ ہوا ہے اور لائسنس کی پیداواری مدت میں توسیع کی امید ہے ، فاقر-1کنویں کی کامیاب دریافت سے ملک کی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد ملے گی اور یہ او جی ڈی سی ایل اور پاکستان کے ہائیڈرو کاربن ذخائر میں اضافہ کرے گی۔ او جی ڈی سی ایل پاکستان کے قدرتی وسائل کو مؤثر اور پائیدار طریقے سے تلاش کرنے اور ترقی دینے کے لیے پرعزم ہے، تاکہ ملکی توانائی کی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔