عدالتی رپورٹنگ پر پابندی کے پیمرا نوٹیفکیشن کیخلاف صحافتی تنظیمیں سراپا احتجاج

اسلام آباد(کورٹ رپورٹر)اسلام آباد ہائیکورٹ جرنلسٹ ایسوسی ایشن نے پیمرا نوٹیفکیشن کیخلاف شدید احتجاج کیا ہے ،صحافی سپریم کورٹ ہائیکورٹ کور کرنے والے رپورٹرز اور وکلا احتجاج میں شریک ہوئے،سینئیر صحافی حامد میر ، بیرسٹر اعجاز گیلانی کی عدالتی کارروائی کی رپورٹنگ کرنے والے صحافیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے شرکت کی ،کورٹ رپورٹرز نے پیمرا نوٹیفکیشن کو واپس لینے کا مطالبہ کر دیا ۔صحافی حامد میر نے کہا کہ میں ہائیکورٹ جرنلسٹ ایسوسی ایشن کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں ، ہم صحافیوں نے پہلے بھی ظلم کے خلاف آئینی و جمہوری طریقہ سے مزہمت کی ہے اب بھی کریں گے،پیمرا کی جانب سے لگائی گئی غیر آئینی پابندی کی مذمت کرتے ہیں ، جسٹس محسن اختر کیانی نے دوران سماعت عدالتی کارروائی کی خبر چلانے کی اجازت دی ہے، پہلی حکومت نے بھی صحافیوں پر پابندیاں لگائیں اب نون نے بھی وہی کام کیا ہے، اس موقع پر صدر ہائی کورٹ جرنلسٹ ایسوسی ایشن نے کہا کہ جب ہمیں معلوم ہوا کورٹ رپورٹنگ پر پابندی لگی ہے سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ رپورٹرز نے اس کی مذمّت کی، ہم نے قانونی راستہ اختیار کیا اور صدر ہائیکورٹ بار ریاست علی آزاد کے ذریعے درخواست ہائیکورٹ میں دائر کی،صحافی ثاقب بشیر نے کہا کہ پیمرا کا نوٹیفیکیشن غیر قانونی ہے،کورٹ رپورٹرز نے اس نوٹیفیکیشن کو عدالت میں چیلنج کیا ہے۔