ملک بھر میں انسداد پولیو مہم جاری ،تین روز میں 3 کروڑ 78 لاکھ بچوں کو قطرے پلائے گئے

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)ملک بھر میں رواں سال کی آخری انسداد پولیو مہم چوتھے روز بھی جاری ہے،مہم کے دوران تین روز میں 3 کروڑ 78 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے گئے۔ قومی ایمرجنسی آپریشن سینٹر(این ای او سی) کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق پنجاب میں 2 کروڑ 8 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے سندھ میں 74 لاکھ 18 ہزار بچوں،خیبر پختونخوا میں 61 لاکھ 5 ہزار سے زائد بچوں ،بلوچستان میں 21 لاکھ 27 ہزار سے زائد بچوں جبکہ اسلام آباد میں 4 لاکھ 17 ہزار سے زائد بچوں،گلگت بلتستان میں 2 لاکھ 56 ہزار سے زائد بچوں اور آزاد کشمیر میں 6 لاکھ 89 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے گئے۔ ملک بھر میں انسدادِ پولیو مہم15 سے 21 دسمبر تک جاری رہے گی۔ مہم کے دوران 4 لاکھ سے زائد پولیو ورکرز گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو کے قطرے پلا رہے ہیں۔

این ای او سی کے حکام نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ پولیو ٹیموں سے تعاون کریں اور اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے لازمی پلوائیں۔انہوں نے کہا کہ پولیو ایک لاعلاج مرض ہے جو بچوں کو زندگی بھر کے لئے معذور کر دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ والدین اور کمیونٹی کی بھرپور تعاون کے بغیر مہم کی کامیابی ممکن نہیں۔