یونیورسٹی ٹاؤن متاثرین کو 10 پلاٹوں کا قبضہ دینے کا فیصلہ . ڈی جی آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر )راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے یونیورسٹی ٹاؤن میں پلاٹوں کے قبضے سے متعلق طویل عرصے سے درپیش مسئلے کے حل کی جانب اہم قدم اٹھاتے ہوئے متاثرین کو قبضہ دینے کے عمل کے پہلے مرحلے کا آغاز کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ نے کی۔ اجلاس میں ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ آر ڈی اے آبگینہ خان، یونیورسٹی ٹاؤن کے مسائل کے حل کے لیے قائم جوائنٹ امپلیمنٹیشن کمیٹی (جے آئی سی) کے کنوینر، آر ڈی اے کے دیگر افسران، ہاؤسنگ سکیم کے مالک اور متاثرین نے شرکت کی۔

ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ نے کہا کہ آر ڈی اے پہلے مرحلے میں متاثرین کو 10 پلاٹوں کا قبضہ حوالے کر رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ اقدام یونیورسٹی ٹاؤن میں طویل عرصے سے زیر التوا مسئلے کے مرحلہ وار، منظم اور مستقل حل کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ ڈی جی آر ڈی اے نے مزید کہا کہ آر ڈی اے اس مسئلے کو شفاف، منصفانہ اور قانونی دائرہ کار میں رہتے ہوئے حل کرنے کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ باقی ماندہ متاثرین کو بھی وقتاً فوقتاً مرحلہ وار بنیادوں پر پلاٹوں کا قبضہ دیا جاتا رہے گا تاکہ تمام اصل الاٹیز، جنہوں نے اپنی مالی ذمہ داریاں پوری کر رکھی ہیں اپنے جائز حقوق حاصل کر سکیں۔ اجلاس میں شریک متاثرین نے ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ کی جانب سے اٹھائے گئے اس عملی اور بروقت اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طویل انتظار کے بعد شروع ہونے والے عمل سے ان تمام متاثرین میں امید پیدا ہوئی ہے جو واجبات ادا کرنے کے باوجود عرصہ دراز سے پلاٹوں کے قبضے سے محروم تھے۔

متاثرین نے آر ڈی اے کی جانب سے ان کے تحفظات سننے اور مسئلے کے پائیدار حل کی جانب عملی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قبضے کے عمل کا آغاز عوامی مسائل کے حل، مؤثر حکمرانی اور ادارے پر اعتماد کی بحالی کا واضح ثبوت ہے۔ آر ڈی اے نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہریوں کے حقوق کا تحفظ اور ہاؤسنگ سکیموں سے متعلق مسائل کا بروقت حل، متعلقہ قوانین و ضوابط کے مطابق ادارے کی اولین ترجیح رہے گا۔