عدالتی فیصلے پر پاکستان ایمپلائز کوآپریٹو ہاؤسنگ سکیم کے سی ای ایکسٹول او غوہر ربانی کی گرفتاری، آر ڈی اے کا مؤثر کردار۔

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کنزہ مرتضیٰ کی ہدایت پر عوام الناس کو شفاف، بروقت اور مؤثر پبلک سروس ڈلیوری کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے آر ڈی اے کی جانب سے جاری اقدامات کے تحت ایک اہم اور فیصلہ کن پیش رفت سامنے آئی ہے۔ مقدمہ نمبر 43/25 کے تحت پاکستان ایمپلائز کوآپریٹو ہاؤسنگ اسکیم (پی ایچ ای سی) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ایکسٹول غوہر ربانی اعوان کو عدالتی فیصلے کی روشنی میں ایس پی سٹی نے موقع پر ہی گرفتار کر کے اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا۔

آر ڈی اے کی جانب سے غیر قانونی سرگرمیوں، عوامی شکایات اور ہاؤسنگ سیکٹر میں قانون کی خلاف ورزیوں کے خلاف مسلسل نگرانی اور مؤثر فالو اپ کے نتیجے میں یہ کارروائی عمل میں لائی گئی۔ مقدمے میں عائد الزامات کی روشنی میں ملزم سے تفصیلی تفتیش مکمل کی جا چکی تھی، جس کے بعد معزز عدالت کے احکامات ڈی ایس پی سٹی کی نگرانی میم گرفتاری عمل میں آئی۔ یہ واضح کیا جاتا ہے کہ قانون کی نظر میں سب برابر ہیں اور کسی فرد یا ادارے کو قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا۔ کیس کی تحقیقات شفاف، غیر جانبدار اور قانونی تقاضوں کے مطابق جاری ہیں، اور اگر مزید شواہد سامنے آئے تو دیگر ذمہ داران کے خلاف بھی بلا امتیاز قانونی کارروائی کی جائے گی۔

واضح رہے کہ پاکستان ایمپلائز کوآپریٹو ہاؤسنگ سکیم سے متعلق معاملات اور شکایات نے عوامی سطح پر شدید تشویش پیدا کر رکھی تھی۔ آر ڈی اے نے عوامی مفادات کے تحفظ، شہریوں کے حقوق کے دفاع اور ہاؤسنگ سیکٹر میں نظم و ضبط قائم رکھنے کے لیے اپنا کردار مؤثر انداز میں ادا کیا۔ ڈی جی آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آر ڈی اے غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں، بے ضابطگیوں اور عوام کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری رکھے گا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ تمام حقائق منظرِ عام پر لا کر انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں گے اور عوام کے اعتماد کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا۔