اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کی گراں فروشوں کے خلاف کارروائی ، 40 دکاندارگرفتار

اسلام آباد(سٹی رپورٹر )اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نےرمضان المبارک میں گراں فروشوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 40 دکانداروں کو گرفتار کر لیا، نرخنامے آویزاں نہ کرنے پر 9 دکانیں سیل کردی گئیں ۔ہفتہ کو ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ضلعی انتظامیہ اسلام آباد کا رمضان المبارک میں گراں فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے.

انتظامیہ نےمہنگے داموں اشیائے خوردونوش فروخت کرنے پر 40 دکانداروں کو گرفتار کرلیا،پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے کارروائیوں میں 97 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا،زائد قیمت وصول کرنے اور نرخنامے آویزاں نہ کرنے پر 9 دکانیں موقع پر سیل کر دی گئیں۔ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن نے کہا کہ رمضان المبارک میں شہریوں کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے،پرائس کنٹرول کی خلاف ورزی پر فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ عرفان نواز میمن نے کہا کہ گراں فروشوں کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی،شہری مقررہ نرخوں سے زائد وصولی پر پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو فوری اطلاع دیں۔