مشرقِ وسطیٰ میں امن امریکا کی اولین ترجیح، پاکستان کے کردار کو عالمی سطح پر سراہا گیا. جے ڈی وینس

برگن سٹاک (ویب ڈیسک) امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے مشرق وسطیٰ میں امن کے قیام کو امریکا کی اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے مثبت کردار کو دنیا بھر میں سراہا گیا ہے، اپنے خطاب میں جے ڈی وینس نے کہا کہ امریکا خطے میں امن کے فروغ کے لیے ایران سے بھی مثبت کردار کا خواہاں ہے اور مستقبل کے لیے بہترین فیصلے کرنا چاہتا ہے۔

انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے کردار کو لائق تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ایک بہترین سپہ سالار ہیں، جنہوں نے امن کی کوششوں میں اہم کردار ادا کیا، اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ موجودہ صورتحال عالمی امن کے لیے ایک اہم موقع ہے اور تمام رہنما دنیا میں امن اور استحکام کے فروغ کے لیے یہاں جمع ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مدبرانہ قیادت میں امن مذاکرات ممکن ہوئے، جبکہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بھی ان مذاکرات کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا، وزیراعظم نے اس امید کا اظہار کیا کہ مشترکہ کوششوں سے دنیا میں اتحاد، امن اور استحکام کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔

دوسری جانب قطر کے وزیراعظم نے بھی وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ امن عمل صرف آغاز ہے، انہوں نے کہا کہ خطے کے بہتر مستقبل کے لیے مشترکہ کوششیں جاری ہیں اور آج ہونے والی پیش رفت نہ صرف مشرق وسطیٰ بلکہ پوری دنیا کے امن و سلامتی کے لیے غیر معمولی اہمیت رکھتی ہے۔