کوہ تیان شان (ویب ڈیسک) صدرِ مملکت آصف علی زرداری دو روزہ سرکاری دورے پر کرغزستان پہنچ گئے، اسیک کول ہوائی اڈے پر کرغز صدر صادیر ژاپا روف نے اُن کا پرتپاک استقبال کیا، دونوں رہنماؤں نے گرم جوشی سے مصافحہ کیا، اس موقع پر صدرِ مملکت کو گارڈ آف آنرز بھی پیش کیا گیا۔
دورے کے دوران صدر آصف علی زرداری، کرغز صدر صادیر ژاپا روف کے ساتھ دوطرفہ تعلقات اور باہمی تعاون کے مختلف شعبوں پر بات چیت کریں گے، دوسری جانب ملاقاتوں میں دونو رہنماؤں کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، معدنیات، زراعت، تعلیم، صحت، سیاحت، ڈیجیٹل معیشت اور عوامی روابط کے فروغ سمیت علاقائی تعاون اور پاکستان و کرغزستان کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے امور پر بھی تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔
واضح رہے یہ دورہ 1995 میں بے نظیر بھٹو کے تاریخی دورہ کرغزستان کے بعد کسی پاکستانی صدر کا پہلا دورہ ہے جسے دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کے روابط کے تسلسل کی اہم کڑی قرار دیا جا رہا ہے۔

