لاہور (بیورو رپورٹ) کاہنہ اور باغبانپورہ حادثات کے بعد پنجاب حکومت نے نجی سکولوں کی عمارتوں کی جانچ کے لیے نئی پالیسی جاری کر دی، محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کی جانب سے بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹ جاری نہ کرنے کے بعد حکومت نے طریقہ کار تبدیل کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ تمام نجی سکول پاکستان انجینئرنگ کونسل کے رجسٹرڈ سول انجینئر یا رجسٹرڈ انجینئرنگ فرم سے بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کریں۔
محکمہ سکول ایجوکیشن نے تمام ڈپٹی کمشنرز اورچیف ایگزیکٹو آفیسرز ایجوکیشن کو احکامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی ہے ، مراسلے کے مطابق بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹ کے بغیر کسی بھی نجی سکول کی رجسٹریشن مکمل نہیں ہوگی، جبکہ تمام نجی تعلیمی اداروں کوعمارتوں کی حفاظت سے متعلق قانونی تقاضے پورے کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

