اپارہ مہتا نے شوہر درشن جاری والا سے برسوں کی علیحدگی پر خاموشی توڑ دی

ممبئی (ویب ڈیسک) بھارتی ٹیلی ویژن اور فلموں کی معروف اداکارہ اپارہ مہتا نے اپنے شوہر اور اداکار درشن جاری والا سے طویل عرصے سے جاری علیحدگی کے حوالے سے پہلی بار کھل کر گفتگو کرتے ہوئے اپنی ازدواجی زندگی سے متعلق کئی انکشافات کیے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق مقبول ڈرامہ “کیونکہ ساس بھی کبھی بہو تھی” سے شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ نے ایک حالیہ انٹرویو میں بتایا کہ وہ ایک شو کے سلسلے میں امریکا میں موجود تھیں، جہاں سے انہوں نے اپنی شادی کی سالگرہ کے موقع پر شوہر کو فون کیا۔ اس دوران درشن جاری والا نے کہا کہ وہ ان سے ایک اہم بات کرنا چاہتے ہیں۔

اپارہ مہتا کے مطابق بھارت واپس آنے پر ان کے شوہر نے انہیں بتایا کہ وہ اس شادی کو مزید جاری نہیں رکھنا چاہتے۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ درشن نے ان سے کہا کہ اب انہیں ان سے محبت نہیں رہی اور وہ علیحدہ ہونا چاہتے ہیں۔

اداکارہ نے بتایا کہ اس گفتگو کے فوراً بعد وہ اپنی شوٹنگ پر چلی گئیں۔ ان کے مطابق وہ اسی صبح امریکا سے واپس پہنچی تھیں، جس کی وجہ سے شدید تھکن کا شکار تھیں اور شوٹنگ کے دوران بار بار اونگھ آ رہی تھی۔ بعد میں جب ذہنی طور پر سنبھلیں تو انہیں احساس ہوا کہ شوہر نے جو بات کہی تھی، وہ ان کے لیے انتہائی غیر متوقع تھی۔

اپارہ مہتا نے مزید بتایا کہ بعد ازاں درشن جاری والا گھر چھوڑ کر چلے گئے، تاہم انہوں نے کبھی ان کے لیے اپنے گھر کے دروازے بند نہیں کیے، ان کا کہنا تھا کہ اگر وہ کبھی واپس آنا چاہیں تو ان کا خیرمقدم ہوگا، اگرچہ انہیں یہ بھی احساس ہے کہ شاید ایسا کبھی نہ ہو۔

اداکارہ نے کہا کہ برسوں سے الگ رہنے کے باوجود ان دونوں کے درمیان خوشگوار تعلقات قائم ہیں۔ ان کے بقول، “مجھے یقین ہے کہ انہیں میرے جیسا اور مجھے ان جیسا کوئی نہیں ملے گا، لیکن ہم نے ایک دوسرے کے لیے احترام اور اچھے تعلقات برقرار رکھے ہیں۔”