اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے متنازع اور اشتعال انگیز بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ایسے غیر ذمہ دارانہ بیانات کو مکمل طور پر مسترد کرتا ہے، جو خطے میں کشیدگی بڑھانے اور بین الاقوامی حقائق کو مسخ کرنے کی کوشش ہیں۔
خواجہ آصف نے اپنے ردعمل میں کہا کہ بھارت کی جانب سے اس نوعیت کی بیان بازی سیاسی مقاصد کے حصول اور دباؤ کی پالیسی کا تسلسل ہے، تاہم ایسے بیانات نہ تو مقبوضہ جموں و کشمیر کی بین الاقوامی حیثیت تبدیل کر سکتے ہیں اور نہ ہی خطے میں امن، استحکام اور بامعنی مذاکرات کے فروغ میں کوئی کردار ادا کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر ایک بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ تنازع ہے، جس کا حتمی حل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی آزادانہ خواہشات کے مطابق ہونا باقی ہے۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف بھارت کے الزامات بے بنیاد اور ناقابلِ اعتبار ہیں، کیونکہ خود بھارت پر ریاستی سرپرستی میں دہشت گردی اور خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے کے سنگین الزامات موجود ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بھارت کی جارحانہ اور توسیع پسندانہ پالیسیوں نے پورے جنوبی ایشیا کے امن کو خطرات سے دوچار کر رکھا ہے۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ بھارتی قیادت کی غیر ذمہ دارانہ بیان بازی بین الریاستی تنازعات کے خطرے میں اضافہ کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں امن، مذاکرات اور باہمی احترام کا خواہاں ہے، تاہم اپنی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی سلامتی کے دفاع کے لیے ہر ممکن اقدام کرنے کے عزم پر قائم ہے، جسے آزمانے کی کسی بھی کوشش کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیر دفاع کے حالیہ بیانات دراصل بھارت کی اندرونی سیاسی کشیدگی، بڑھتی ہوئی عوامی بے چینی اور وزیراعظم نریندر مودی کی حکومت کو درپیش داخلی چیلنجز سے توجہ ہٹانے کی ناکام کوشش ہیں۔

