اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی زیرِ صدارت ملک میں گندم کے ذخائر کی صورتحال پر جائزہ اجلاس ہوا ، اجلاس میں 10 لاکھ میٹرک ٹن تک گندم درآمد کرنے کے فیصلے پر عملدرآمد کا اعادہ کیا گیا، پہلے مرحلے میں 2 لاکھ 50 ہزار میٹرک ٹن گندم درآمد کی جائے گی ، نائب وزیراعظم آفس کے مطابق پہلی کھیپ کی ترسیل نومبر میں مقرر ہے، ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان کو فوری طور پر درآمدی عمل شروع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

نائب وزیراعظم نے گندم کی درآمد سے متعلق صوبوں، وزارتِ قومی غذائی تحفظ اور وزارتِ تجارت کے تعاون اور رابطہ کاری کو سراہا ، اسحاق ڈار نے پاسکو کو ہدایت کی کہ ای سی سی سے منظور کردہ کوٹے کے مطابق صوبوں کو فوری طور پر گندم فراہم کی جائے ، نائب وزیراعظم نے صوبوں کو مختص گندم کی بروقت ادائیگی اور اٹھان یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔

