بلوچستان میں پائیدار امن تک دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی . کور کمانڈر کوئٹہ

کوئٹہ (بیورو رپورٹ) کور کمانڈر کوئٹہ نے کہا ہے کہ بلوچستان میں پائیدار امن کے لیے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک اقدامات جاری رہیں گے ، پاکستان کے میڈیا نمائندوں سے خصوصی نشست کے دوران کور کمانڈر بلوچستان کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال، امن و امان اور درپیش سکیورٹی چیلنجز پر تفصیلی بریفنگ دی۔

ملاقات کے دوران بلوچستان میں امن و استحکام کے لیے جاری اقدامات اور دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ، دوسری جانب میڈیا وفد نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں کے دوران قبضے میں لیے گئے ہتھیاروں اور گولہ بارود کا بھی مشاہدہ کیا۔

اس موقع پر کور کمانڈر کوئٹہ نے کہا کہ بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام کے لیے سکیورٹی اقدامات آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رکھے جائیں گے، بلوچستان میں امن و استحکام کے قیام کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ امن و امان کے قیام کے ساتھ بلوچستان کی ترقی کا سفر بھی جاری رکھا جائے گا، صوبے میں پائیدار امن، استحکام اور ترقی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات بروئے کار لائے جا رہے ہیں ، کور کمانڈر کوئٹہ سے ملاقات کے بعد میڈیا کے وفد نے سی ایم ایچ کوئٹہ کا خصوصی دورہ کیا، جہاں بلوچستان میں دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشنز کے دوران زخمی ہونے والے جوانوں کی عیادت کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔