سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے امریکی سینٹکام سربراہ کی ملاقات، علاقائی صورتحال پر گفتگو

جدہ (ویب ڈیسک) سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم محمد بن سلمان نے امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) کے سربراہ ایڈمرل بریڈ کوپر سے جدہ میں ملاقات کی ہے ، سعودی سرکاری میڈیا کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے تازہ علاقائی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا، تاہم سعودی یا امریکی حکام کی جانب سے مذاکرات کی مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔

ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب یمن میں ایران کے حمایت یافتہ حوثی گروپ کی عسکری سرگرمیوں اور سعودی عرب پر حملوں میں اضافہ ہوا ہے ، رپورٹس کے مطابق حوثی جنگجوؤں نے حالیہ دنوں میں یمن کے بحیرہ احمر سے متصل علاقوں میں تیزی سے پیش قدمی کی ہے اور اہم ساحلی شہر موخا پر قبضے کے بعد باب المندب کے قریب واقع اہم جزیروں تک بھی اپنی رسائی بڑھا لی ہے۔

رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ حوثیوں نے میون (پیریم) جزیرے کے بعد گریٹر اور لیزر حنیش جزائر پر بھی قبضہ کرلیا ہے، جس کے باعث انہیں بحیرہ احمر کی اہم تجارتی گزرگاہ پر مزید اسٹریٹجک برتری حاصل ہوگئی ہے ، واضح رہے کہ باب المندب آبنائے بحیرہ احمر کو خلیج عدن سے ملاتی ہے اور عالمی تجارت کے لیے انتہائی اہم سمندری راستہ ہے۔ اس راستے سے بحری جہاز بحر ہند سے بحیرہ احمر اور پھر نہر سویز کی جانب جاتے ہیں۔