لاہور (بیورو رپورٹ) چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی نے حوثی ملیشیا کے مفتی کی جانب سے ارضِ حرمین شریفین پر حملے کے اعلان پر شدید تشویش اور مذمت کا اظہار کیا ہے ، صوبائی دارالحکومت سے جاری اپنے بیان میں حافظ طاہر محمود اشرفی کا کہنا تھا کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ پر حملے کا اعلان حوثیوں کے عزائم کو واضح کرتا ہے، جس پر شدید تشویش ہے، ارضِ حرمین شریفین پر حملے کے اعلان کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک طرف اسرائیل کے ساتھ حوثیوں کے مبینہ روابط اور معاہدوں کی اطلاعات سامنے آ رہی ہیں، جبکہ دوسری جانب حوثی مملکت سعودی عرب کو حملوں کا نشانہ بنا رہے ہیں، سعودی عرب پر حوثی حملوں کے حوالے سے پاکستان کا واضح مؤقف قابلِ تحسین ہے۔
چیئرمین پاکستان علما کونسل کا کہنا تھا کہ پاک فوج کے ترجمان کا بیان پاکستانی عوام اور عالم اسلام کے جذبات کی ترجمانی کرتا ہے، ارضِ حرمین شریفین کی حرمت، سلامتی اور دفاع پوری امت مسلمہ کے لیے انتہائی اہم معاملہ ہے ، حافظ طاہر محمود اشرفی نے مزید کہا کہ حرمین شریفین کی حرمت اور سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا، جبکہ ارضِ حرمین شریفین کا دفاع پوری امت مسلمہ کی ذمہ داری ہے، مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کی سلامتی پوری امت مسلمہ کے لیے باعثِ تشویش ہے۔

