تل ابیب (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے دعویٰ کیا ہے کہ 7 اکتوبر 2023 کے حملے کی تیسری برسی کے موقع پر غزہ میں اسرائیلی فوج کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔
اسرائیلی وزیر دفاع کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق فوج کی استعدادِ کار اور تیاری میں اضافے کی ہدایت مبینہ انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر دی گئی ہے ، بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ حماس 7 اکتوبر کو غزہ میں موجود اسرائیلی فورسز کے خلاف حملے کرنے کی کوشش کرسکتی ہے۔
اسرائیلی وزیر دفاع کی سخت وارننگ :
اسرائیل کاٹز نے فوج کو ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے مختلف صورتحال کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ کسی بھی ممکنہ حملے یا خطرے کی اطلاع ملنے پر اسے روکنے کے لیے بھرپور کارروائی کی جائے گی ، اسرائیلی وزیر دفاع نے مزید خبردار کیا کہ اگر اسرائیلی فوجی اہلکاروں کو نقصان پہنچا تو ان کے بقول حماس اور غزہ کے شہریوں کو اس کی ’’بہت بھاری قیمت‘‘ ادا کرنا پڑے گی۔
7 اکتوبر کی برسی پر سیکیورٹی خدشات :
اسرائیلی حکام کے مطابق فوج کو ہائی الرٹ کرنے کا فیصلہ 7 اکتوبر 2023 کے حملوں کی تیسری برسی سے قبل کیا گیا ہے۔ اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر غزہ میں فوجی تنصیبات اور اہلکاروں کے خلاف ممکنہ کارروائی کے خدشے کے پیش نظر اضافی احتیاطی اقدامات کیے جا رہے ہیں ، اسرائیلی وزیر دفاع کی جانب سے یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب 7 اکتوبر کے حملے کی تیسری برسی کے موقع پر اسرائیل اور غزہ میں سیکیورٹی صورتحال پر خصوصی توجہ مرکوز ہے۔

