FIA Laiba Ejaz Case Capitalnewspoint.com

70 لاکھ روپے میں اٹلی بھجوانے کا معاہدہ؟ انسانی اسمگلنگ کیس میں اہم گرفتاری

اسلام آباد (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد میں انسانی اسمگلنگ اور سفری دستاویزات کے غیر قانونی استعمال میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا ، ملزم پر مبینہ طور پر کسی دوسرے شخص کی شناخت اختیار کرکے اس کے نام پر جاری پاکستانی پاسپورٹ اور اطالوی رہائشی کارڈ استعمال کرتے ہوئے بیرونِ ملک سفر کرنے کی کوشش کا الزام ہے۔

ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم نے مبینہ طور پر اٹلی بھیجنے کے نام پر ایک ایجنٹ کے ساتھ 70 لاکھ روپے کا معاہدہ کرنے اور 17 لاکھ 50 ہزار روپے بطور ایڈوانس ادا کرنے کا بیان دیا ، ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد نے سال 2025 میں اس کیس میں ایف آئی آر نمبر 76/2025 پاکستان پینل کوڈ کی دفعات 109، 419 اور 420، پاسپورٹ ایکٹ 1974 کی دفعہ 6 اور امیگریشن آرڈیننس 1979 کی دفعات 17، 18 اور 22 کے تحت درج کی تھی۔

کیس میں ملوث دیگر افراد کے کردار کا تعین تفتیش کے دوران کیا جائے گا، جبکہ کیس کی تفتیش سب انسپکٹر سمیعہ ناز کر رہی ہیں ، ایف آئی اے اسلام آباد زون انسانی اسمگلنگ اور سفری دستاویزات کے غیر قانونی استعمال میں ملوث عناصر کے خلاف قانونی کارروائیاں جاری رکھنے اور شہریوں کو بیرونِ ملک سفر اور ملازمت کے نام پر ہونے والے فراڈ سے محفوظ رکھنے کے لیے پُرعزم ہے۔