تربیلا ففتھ ایکسٹینشن منصوبے میں انٹیک واقعے کی تحقیقات کا حکم، چیئرمین واپڈا کا دورہ

تربیلا (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) محمد سعید نے تربیلا ففتھ ایکسٹینشن ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کا دورہ کرکے انٹیک کے واقعے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا اور واقعے کی جامع تحقیقات کے لیے محکمانہ انکوائری کا حکم دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین واپڈا نے 9 اور 10 نومبر کے دوران تربیلا ففتھ ایکسٹینشن پروجیکٹ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ممبر (واٹر) واپڈا آصف رؤف خان، واپڈا کے دیگر سینئر افسران، کنٹریکٹرز اور کنسلٹنٹس بھی ان کے ہمراہ تھے۔

دورے کے دوران چیئرمین واپڈا نے پروجیکٹ کے انٹیک اسٹرکچر، ٹنل، پاور ہاؤس اور دیگر اہم مقامات کا تفصیلی معائنہ کیا، جبکہ پروجیکٹ آفس میں منعقدہ اجلاس کے دوران واقعے کے ممکنہ اسباب اور فوری، درمیانی اور طویل مدتی حفاظتی اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں کنسلٹنٹس، کنٹریکٹرز اور واپڈا کی ٹیموں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ فی الحال مرکزی تربیلا ڈیم یا اس کے کسی بھی اہم ڈھانچے کی سلامتی کو کوئی خطرہ لاحق نہیں ہے ، اس موقع پر چیئرمین واپڈا نے کنسلٹنٹس کو ہدایت کی کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا احاطہ کرنے والی تفصیلی رپورٹ جلد از جلد پیش کی جائے، جبکہ واقعے کی وجوہات اور ذمہ داریوں کا تعین کرنے کے لیے جامع محکمانہ انکوائری کا بھی حکم دے دیا۔

مزید برآں وزارت آبی وسائل کی طلب پر واقعے سے متعلق ابتدائی تخمینہ رپورٹ جمع کرادی گئی ہے، جبکہ وفاقی وزیر آبی وسائل میاں محمد معین وٹو کو بھی اس حوالے سے ذاتی طور پر بریفنگ دی گئی ہے ، واضح رہے کہ 1530 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت کا حامل تربیلا ففتھ ایکسٹینشن ہائیڈرو پاور پروجیکٹ عالمی بینک اور ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کی مالی معاونت سے تعمیر کیا جا رہا ہے۔