Islamabad Police Logo Capitalnewspoint.com.jpg

اسلام آباد میں نواب آف بہاولپور کے خاندان کے گھر بڑی چوری، تاریخی نوادرات اور قدیم اسلحہ غائب

اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) وفاقی دارالحکومت کے تھانہ مارگلہ کی حدود ایف ایٹ تھری میں نواب آف بہاولپور کے خاندان کے گھر مبینہ بڑی چوری کی واردات ، جہاں گھر کے اسٹور روم کا تالہ توڑ کر قیمتی نوادرات، تاریخی اشیا اور قدیم اسلحہ چوری کر لیا گیا۔

پولیس کے مطابق ایف ایٹ تھری میں مکان نمبر 28 اے میں نواب صلاح الدین عباسی کے صاحبزادے شہزادہ بہاول عباس عباسی کے گھر چوری کی واردات ہوئی، جس پر ان کی درخواست پر تھانہ مارگلہ میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق نامعلوم ملزمان نے گھر کے اسٹور روم کا تالہ توڑ کر وہاں موجود قیمتی اور تاریخی اشیا چوری کیں ، چوری ہونے والی اشیا میں چاندی کی تخت نما کرسی، چاندی کی سیڑھی، مختلف پیالے اور متعدد مجسمے شامل ہیں۔

پولیس کو دی گئی درخواست کے مطابق بہاولپور ریاست کے نشان اور کریسٹ والی سونے اور چاندی کی پلیٹس بھی چوری ہوئی ہیں، جبکہ ایک بڑا تاریخی سلور فریم بھی غائب ہے ، ایف آئی آر میں بتایا گیا ہے کہ گھر میں موجود بہاولپور ریاست سے منسوب قدیم مسکٹ گنز اور تلواریں بھی چوری کرلی گئیں۔ مجموعی طور پر 10 قدیم ہتھیاروں کے غائب ہونے کا ذکر کیا گیا ہے۔

درخواست گزار کے مطابق گھر سے دیگر قیمتی اشیا بھی غائب ہوئی ہیں، تاہم مکمل انوینٹری تیار ہونے کے بعد مزید اشیا کی فہرست پولیس کو فراہم کی جائے گی ، ابتدائی طور پر چوری ہونے والی اشیا کی مالیت تقریباً 2 کروڑ روپے بتائی گئی ہے، تاہم حتمی مالیت اور چوری شدہ سامان کی مکمل تفصیلات انوینٹری مکمل ہونے کے بعد سامنے آنے کا امکان ہے۔

پولیس کو دی گئی معلومات میں چوری کے شبہ میں ایک ملازم اور اس کے ساتھیوں کے ملوث ہونے کا ذکر کیا گیا ہے، تاہم اس حوالے سے حتمی طور پر کسی شخص کو ذمہ دار قرار نہیں دیا گیا ، پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں اور چوری شدہ تاریخی اشیا، قدیم اسلحے اور دیگر سامان کی بازیابی کے لیے مختلف پہلوؤں سے تفتیش کی جا رہی ہے۔

شہزادہ بہاول عباس عباسی کی درخواست پر تھانہ مارگلہ پولیس نے چوری اور گھر میں نقب زنی سے متعلق دفعہ 380 اور 454 تعزیرات پاکستان کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے ، پولیس کا کہنا ہے کہ مزید شواہد اور مکمل انوینٹری کی روشنی میں تفتیش کو آگے بڑھایا جائے گا۔