اسلام آباد (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) اسلام آباد کی عدالت نے سوتیلی بیٹی سے زیادتی کے جرم میں مجرم افتخار کو سزائے موت سنا دی، جبکہ 5 لاکھ روپے جرمانے، متاثرہ لڑکی کو 10 لاکھ روپے اور زیادتی کے نتیجے میں پیدا ہونے والے بچے کی کفالت کے لیے 20 لاکھ روپے ادا کرنے کا حکم بھی دے دیا۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد سہیل نے مقدمے کا فیصلہ سنایا ، تحریری فیصلے کے مطابق عدالت نے جرم ثابت ہونے پر مجرم کو سزائے موت سنائی اور جرمانے سمیت متاثرہ لڑکی اور بچے کو مالی معاوضہ ادا کرنے کا حکم دیا۔
عدالتی فیصلے کے مطابق مجرم اپنی سوتیلی بیٹی کے ساتھ والدہ کی عدم موجودگی میں تقریباً ایک سال تک زیادتی کرتا رہا، مقدمے میں پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کی جانب سے کیے گئے ڈی این اے ٹیسٹ کو اہم ثبوت قرار دیا گیا، جبکہ زیادتی کے نتیجے میں پیدا ہونے والے بچے کا ڈی این اے بھی مجرم سے میچ کر گیا۔
مقدمے کا اندراج فروری 2025 میں تھانہ شہزاد ٹاؤن اسلام آباد میں کیا گیا تھا ، مقدمہ متاثرہ لڑکی کی والدہ کی مدعیت میں درج کیا گیا ، عدالت نے فیصلے میں مجرم کو سزا سنانے کے ساتھ متاثرہ لڑکی اور بچے کے مالی حقوق کے تحفظ کے لیے ادائیگیوں کا حکم بھی دیا۔

