اسلام آباد (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے تھانہ کوہسار کی حدود میں مسلح ڈکیتی کی واردات کے دوران نامعلوم ملزمان ایک غیر ملکی شہری کے گھر سے 20 لاکھ روپے نقدی لوٹ کر فرار ہو گئے ، واردات میں مبینہ طور پر وفاقی پولیس کے اہلکاروں کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے، جس کے بعد پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کر دی ہے۔
ابتدائی تفتیش کے دوران سامنے آنے والی معلومات کے مطابق ڈکیتی کی واردات میں مبینہ طور پر ملوث افراد وفاقی پولیس کے اہلکار ہیں، جو شہر کے مختلف علاقوں میں تعینات ہیں ، واقعے نے وفاقی دارالحکومت میں شہریوں اور غیر ملکیوں کے تحفظ کے حوالے سے اہم سوالات اٹھا دیے ہیں ، کیپیٹل نیوز پوائنٹ کی جانب سے رابطہ کیے جانے پر ایس ایچ او تھانہ کوہسار نے تصدیق کی کہ واردات میں ملوث مبینہ ملزمان پولیس اہلکار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ملزمان کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا ، پولیس حکام کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان تک پہنچنے کی کوششیں جاری ہیں ، تاہم، واقعے میں ملوث اہلکاروں کی شناخت، گرفتاری اور لوٹی گئی رقم کی برآمدگی سے متعلق مزید تفصیلات سامنے آنا باقی ہیں۔

