کوئٹہ (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) مکران کوسٹل ہائی وے پر مسافر کوچ اور ایل پی جی باؤزر کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں آگ بھڑک اٹھی، حادثے میں خاتون اور بچے سمیت 10 افراد جاں بحق جبکہ 27 افراد زخمی ہوگئے۔
ایس پی کوسٹل ہائی وے پولیس محمد اسلم بنگلزئی نے حادثے میں 10 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جاں بحق ہونے والوں میں مسافر کوچ میں سوار 5 افراد شامل ہیں، جن میں ایک خاتون اور بچہ بھی شامل ہیں، جبکہ دیگر جاں بحق افراد میں کوچ کا ڈرائیور اور کنڈیکٹر بھی شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق حادثہ بسول، اورماڑہ کے مقام پر پیش آیا، جہاں تربت سے کراچی جانے والی مسافر کوچ اور ایل پی جی باؤزر آپس میں ٹکرا گئے۔ تصادم کے فوری بعد دونوں گاڑیوں میں شدید آگ بھڑک اٹھی، جس نے مسافروں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، متعدد افراد آگ کے باعث جھلس کر زخمی ہوگئے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور کوسٹل ہائی وے پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں، زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے اور ہسپتال منتقل کرنے کے اقدامات کیے گئے ، حادثے کے باعث مکران کوسٹل ہائی وے پر ٹریفک معطل ہوگئی جبکہ سڑک کے دونوں اطراف گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں، جس سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

