راولپنڈی (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) ترک فضائیہ کے کمانڈر جنرل رافت دالکران (General Rafet Dalkıran) نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے آرمی چیف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی، ملاقات میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دوطرفہ دفاعی تعلقات مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
مزید پڑھیں : فیلڈ مارشل عاصم منیر سے برطانوی آرمی چیف کی ملاقات، دفاعی تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ، اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان گہرے تاریخی، ثقافتی اور اسٹریٹجک تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے دونوں ممالک کی مسلح افواج کے مابین مضبوط دفاعی شراکت داری کو سراہا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ترک فضائیہ کے کمانڈر جنرل رافت دالکران نے پاکستان کے ساتھ دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا ، انہوں نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت اور صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی خدمات کا بھی اعتراف کیا ، ملاقات کو پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات اور دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

