پرتگال ورک ویزا فراڈ کا بڑا ملزم گرفتار، شہری سے 10 لاکھ روپے بٹورنے کا الزام

اسلام آباد (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل راولپنڈی نے کارروائی کرتے ہوئے پرتگال ورک ویزا فراڈ میں ملوث ملزم سید فخر عباس کو چکوال سے گرفتار کر لیا ، ملزم نے شکایت کنندہ کو پرتگال ورک ویزا پر بیرون ملک بھجوانے کا جھانسہ دے کر 10 لاکھ روپے وصول کیے تھے۔

ملزم کے خلاف دفعات 18 اور 22 امیگریشن آرڈیننس 1979 کے تحت مقدمہ درج ہے ، ملزم اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل راولپنڈی کے مزید 3 مقدمات میں بھی مطلوب ہے ، کارروائی انسپکٹر محمد توقیر کی سربراہی میں عمل میں لائی گئی، جس میں اے ایس آئی محمد ندیم اور اے ایس آئی عثمان نذیر شامل تھے۔

ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ مقدمے میں ملوث دیگر ملزمان اور ایجنٹس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں ، ڈائریکٹر ایف آئی اے نے ویزا فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لانے کی ہدایات جاری کر رکھی ہیں ، ایف آئی اے ایسے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھے گا۔